شیشہ و تیشہ

   

احمد علوی
مشورہ !!
جسے سالے سسر اور سالیوں سے پیار ہوتا ہے
اِسی شوہر کا اس دنیا میں بیڑا پار ہوتا ہے
کہا بیوی نے یہ مجھ سے مٹا دے اپنی ہستی کو
کہ دانہ خاک میں مل کر گل و گلزار ہوتا ہے
…………………………
نجیب احمد نجیبؔ
خوبی تحریر …!!
سینکڑوں کی بھیڑ ہے اور رقص ہے شمشیر کا
شاعری تو امتحاں ہے خوبی تحریر کا
اُن کے ڈیڈی نے بالآخر فیصلہ کر ہی دیا
میرے اُن کے درمیاں دیوار کی تعمیر کا
شاعری کرتے ہیں لیکن بحر سے خارج ہیں شعر
اور یہ دعویٰ کہ ہے لہجہ غزل میں میرؔ کا
آٹھویں کے امتحاں میں فیل ہونا تھا کہ بس
لے لیا ہے اُس نے ٹھیکہ قوم کی تعمیر کا
گھر بلایا سوشیل ڈسٹنس لاگو کردیا
دیدنی ہے حال میرے عشق کی تبخیر کا
ایک دن غالبؔ نے اُن کے خواب میں آکر کہا
’’کاغذی ہے پیرہن ہر پیکر تصویر کا ‘‘
…………………………
ہفتہ کے سات دنوں کے احوال!
اتوار : تمام دن سوتے رہنے کا دن
پیر : کام کرنے کا دن
منگل : خوشیاں لینے اور دینے کا دن
چہارشنبہ : سیر و تفریح کرنے کا دن
جمعرات : دعائیں لینے اور دینے کا دن
جمعہ : عبادات کرنے کا دن
ہفتہ : سالگرہ یا کوئی بھی تقریب منانے کا دن
سید نثار مہدی ۔چنچلگوڑہ
…………………………
جتنی چاہیں …!!
٭ ایک پڑوسن نے دوسری سے ایک کتاب پڑھنے کے لئے مانگی۔ دوسری نے کہا: ’’بہن میں کتاب دیا نہیں کرتی۔ آپ یہاں بیٹھ کر جتنی چاہیں پڑھ لیں‘‘۔
چند روز بعد دوسری پڑوسن پہلی کے گھر گئی اور جھاڑو مانگی۔ پہلی نے کہا: ’’بہن میں کسی کو جھاڑو نہیں دیا کرتی، آپ کو جتنی جھاڑو دینی ہو، یہاں میرے گھر میں ہی دے دیں…!‘‘۔
ابن القمرین ۔ مکتھل
…………………………
…خبر پہ شوشہ …
غضب کی سردی
٭ سعودی محکمہ موسمیات کی جاری خبر کے مطابق ان دنوں سعودی میں شدید سردی کی لہر ہے۔ مملکت کے جنوبی شہر تبوک اور آس پاس کے علاقوں میں تو برفباری تک ہورہی ہے۔ ہم نے حیدرآباد میں مقیم اپنے ایک دوست کو فون کیا، یہاں اس بات ذکر بے محل نہ ہوگا کہ کچھ برس قبل جب فون پر بات کرنے کی قیمت (چارجز) ادا کرنی پڑتی تھی تو لوگ مختصر طور پر خیر خیریت کے بعد اللہ حافظ کہتے تھے۔ مگر جب سے انٹرنٹ پر بات فری ہونے لگی تو لوگ فون پر گھنٹوں لگے رہنے لگے۔ لہٰذا ہم نے بھی رسمی گفتگو کے بعد اپنے دوست کو سعودی کے شدید سرد موسم کی تفصیلات بتائیں اور پھر حیدرآباد کے موسم کا حال پوچھا تو ہمارے بذلہ سنج دوست نے موسم کا حال کچھ مختلف انداز میں بتایا۔ کہنے لگے آج کل ٹھنڈ میں پولیس والے سڑک پر ڈیوٹی دیتے ہوئے اپنے ہاتھ اپنی ہی جیب میں ڈالے روڈ پر کھڑے نظر آرہے ہیں۔
کے این واصف۔ ریاض
…………………………
کیا کرو گے …!؟
بیوی (شوہر سے ) : خدانخواستہ گھر میں چور گھس آئیں تو تم کیا کرو گے …!؟
شوہر : وہی کروں گا جو وہ کہیں گے …!پہلے کون سا یہاں میری مرضی چلتی ہے …!!
اختر عبدالجلیل نازؔ۔محبوب نگر
…………………………
بدتمیز کون …!!
٭ ایک صاحب نے ہوٹل منیجر سے ویٹر کی شکایت کی: آپ کے ویٹر تو بہت ہی بد تمیز ہیں، بار بار بلانے پر بھی نہیں آتے۔
منیجر نے گاہک سے معافی مانگی اور ویٹر کو بلا کر ڈانٹنے لگا:’’احمق، بے وقوف، نالائق! صاحب کب سے’’ کتے‘‘ کی طرح بھونک رہے ہیں، اور تو ہے کہ سنتا ہی نہیں۔
اگر تیری سرویس کا یہی حال رہا تو کون ’’گدھا‘‘ یہاں آئے گا۔
محمد امتیاز علی نصرتؔ ۔ پداپلی
…………………………