شیشہ و تیشہ

   

احمد علوی
اچھا …!!
نہ ٹانگیں توڑنا اچھا نہ سر کو پھوڑنا اچھا
جہاں پٹنے کا خدشہ ہو وہاں سے دوڑنا اچھا
اگر معلوم ہو جائے وہ دختر ہے داروغہ کی
اسی میں خیریت ہے اس گلی کو چھوڑنا اچھا
…………………………
پاپولرؔ میرٹھی
توبہ توبہ …!!
توبہ توبہ پیار کا اظہار ٹیلیفون پر
دوستوں سے کرنا ذکر یار ٹیلیفون پر
چار عاشق کررہے تھے تذکرہ محبوب کا
ایک جیسی گفتگو کی چار ٹیلیفون پر
…………………………
سید اعجاز احمد اعجازؔ
نیا سال …!
ساری دنیا ہے خوش اب نئے سال میں
کیک کاٹیں گے خود سب نئے سال میں
ناچنے میں بسر ہوگئی ساری شب
سننے والا ہی ہے کب نئے سال میں
عمر گھٹتی ہی جاتی ہے ہر سال ہی
یہ سمجھتے نہیں سب نئے سال میں
ساری خوشیاں نئے سال کی عارضی
عقل دے اُن کو یارب نئے سال میں
اب کے ہم کو الیکشن میں ہے دیکھنا
کون کس کا ہے اب نئے سال میں
جی رہے ہیں سبھی اب اسی آس میں
اب بڑھے گا بھی منصب نئے سال میں
بیویوں کا تقاضہ ہے اعجازؔ یہ
لائیں گے ساڑیاں کب نئے سال میں
…………………………
نیا ہی ہوگا …!!
٭ ڈاکٹر نے دروازے پر کھٹکے کی آواز سُن کر کمپاونڈر سے کہا جاؤ دیکھو ! کوئی مریض آیا ہے ۔ کمپاؤنڈر نے کہا : ہاں مریض ہی ہوگا ۔
ڈاکٹر نے کہا دیکھو تو سہی ’’مریض نیا ہے یا پرانا…!؟ ‘‘
کمپاؤنڈر نے کہا : ’’نیا ہی ہوگا …!!‘‘ ۔ پرانا تو کبھی واپس نہیں آیا …!!
ابن القمرین ۔ مکتھل
…………………………
تازہ تازہ !
٭ ایک مریض جس کے گلے کا تازہ تازہ آپریشن ہوا تھا نرس کو بلاکر بولا ’’سسٹر کیا تم ایک گلاس پانی پلاسکتی ہو ؟ ‘‘
نرس بے رخی سے بولی ’’کیا تمہیں بہت سخت پیاس لگی ہوئی ہے ‘‘۔
مریض بولا ’’نہیں …! دراصل میں یہ دیکھنا چاہتا ہوں کہ کہیں میرا گلا لیک (Leak) تو نہیں کررہا ہے …!!‘‘
مبشر سید ۔ چنچل گوڑہ
…………………………
غلط فہمی …!!
٭ ایک خاتون مولانا کے پاس گئی اور بولی: ’’حضرت میں نے سنا ہے کہ تکبر بڑا گناہ ہے۔ میںجب بھی آئینہ دیکھتی ہوں، مجھے اپنی خوبصورتی پر بڑا تکبر آتا ہے۔ میں اس گناہ سے کیسے بچوں…!؟‘‘
مولانا نے برجستہ کہا :’’جسے آپ تکبر سمجھ رہی ہیں، وہ غلط فہمی ہے۔ اور غلط فہمی کوئی گناہ نہیں…!!‘‘۔
محمد امتیاز علی نصرتؔ ۔ پداپلی
…………………………
کیا گفٹ دوں …!؟
بیوی ( شوہر سے ) : تمہیں تمہاری اس برتھ ڈے پر کیا گفٹ دوں …؟
شوہر : پیار کرو ، عزت دو اور میرا کہا مانو ، شاپنگ کم کرو …!!
بیوی : کچھ دیر سونچ کر اس سے اچھا تو میں تم کو کچھ گفٹ ہی دوں گی ، پیسے خرچ ہوئے تو ہوئے کیونکہ میں یہ سب تو نہیں کرسکتی …!!
مظہر قادری ۔ حیدرآباد
…………………………
مسکراکر …!!
٭ میاں بیوی شاپنگ مال سے گھر واپس ہونے کے بعد بیوی شوہر پر برس پڑی ۔ تم کیسے آدمی ہو جی …! شاپنگ مال میں ہر سیلس گرل سے مسکرا مسکراکر بات کررہے تھے ، تم کو کسی غیر لڑکی سے مسکراکر بات کرتے ہوئے شرم نہیں آئی اور اُوپر سے خوبصورت خوبصورت لڑکیوں کے مجسموں کو دیکھ کر مسکرارہے تھے ، آج سچ بولو کبھی تم نے مجھ سے آج تک ایسا مسکراکر بات کی ہے …؟
شوہر : بیگم سچ کہتا ہوں تم نے مجھے آج تک ایسا مسکراکر بات کرنے کا موقع ہی نہیں دیا !
سالم جابری ۔ آرمور
…………………………