شیشہ و تیشہ

   

پاپولرؔ میرٹھی
خوف سے …!!
حسن کا نایاب اور دلکش خزانہ چھوڑ دیں
اس کے گھر کے سامنے سیٹی بجانا چھوڑ دیں
سچ ہے اُس کے بھائیوں سے ہم کو خطرہ ہے مگر
زلزلوں کے خوف سے کیا گھر بنانا چھوڑ دیں
…………………………
محمد عثمان ؔ
ختم ہوگیا …!!
شادی کے بعد حسن کا نکھار ختم ہو گیا
لیلیٰ مجنوں میں تھا جو پیار ختم ہو گیا
لیلیٰ نے مار مار کے گنجا کر دیا اُس کو
مجنوں پہ چھایا ہوا خمار ختم ہو گیا
گھر سے جاتا ہے تو ہفتوں خبر نہیں آتی
عشق پر سے اُس کا اعتبار ختم ہو گیا
کاغذ جیسی روٹی تھی وہ بھی گئی مک
مرتبان میں رکھا تھا جو اچار ختم ہو گیا
کجلا بڑا مہنگا بکتا ہے بازار میں اب
عاشقوں پر حسین اکھیوں کا وار ختم ہو گیا
چاروں صوبوں میں سیاست کا بازار گرم ہے
عثمانؔ باقی جو بھی تھا کاروبار ختم ہو گیا
………………………
…خبر پہ شوشہ …
وجودِ زن سے ہے تصویرِ کائنات میں رنگ
٭ شاعر نے اس مصرعہ میں عورت کے وجود کو دنیا کی رنگا رنگی کا سبب بتایا۔ مگر پچھلے ہفتہ ٹرمپ حکومت میں انٹیرئیر سکریٹری کے عہدے پر فائز ہوئے مسٹر ڈگ برگم کے اہلیہ مسز کیتھرین کی خوبصورتی نے ان کو یہ اعلیٰ عہدہ دلاکر ان کی زندگی کو خوش رنگ کردیا۔ واضح رہے کہ ڈگ برگم کو انٹیرئیر سکریٹری مقرر کئے جانے کے بعد صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ڈگ برگم کی اہلیہ بہت حسین ہیں اس لئے میں نے ڈگ برگم کو اس اعلیٰ عہدے پر فائر کیا۔ ٹرمپ آج کل اپنے متنازعہ اور غیر ذمہ دارانہ بیانات دینے کے سبب چرچہ میں رہتے ہیں۔ یہ شاید ان کی عمر کا تقاضہ ہے۔ حالیہ بیان کے تناظر میں لگتا ہے طاقتور ترین ملک کے 80 سالہ صحتمند صدر ٹرمپ نے پیرِ مزاح نگاران مشتاق احمد یوسفی کا وہ جملہ پڑھ رکھا ہے کہ ’’اچھی صحت کے لیے انسان کو اپنی نظر نیچی اور نیت خراب رکھنی چاہئے‘‘۔
کے این واصف۔ ریاض
…………………………
دو دن بعد …!!
٭ ایک ڈاکٹر سے کسی نے پوچھا بھئی وزیر صحت کا آپریشن ہوگیا ؟
ڈاکٹر نے جواب دیا ہاں ہوگیا ’’اگر دو دن کی تاخیر ہوجاتی تو پھر بیکار تھا ‘‘۔
’’ان صاحب نے بڑے تجسس سے پوچھا ، کیوں کیا کوئی خطرناک کیس تھا؟۔ ‘‘
’’نہیں دو دن کے بعد یہ خودبخود اچھے ہوجاتے…!! ‘‘ ۔
ابن القمرین ۔ مکتھل
…………………………
استعمال …!!
٭ دنیا بھر کے خوبصورت مردوں کی لسٹ میں ہندوستانی مرد پانچویں نمبر پر آتے ہیں اور بدقسمتی یہ ہے کہ ہندوستانی عورتیں ان مردوں کو آٹا پسانے ، پیاز اور ترکاری لانے ، آٹو چکانے اور تھیلیاں اُٹھانے کیلئے استعمال کرتی ہیں …!!
مظہر قادری ۔ حیدرآباد
…………………………
میری دنیا …!!
شوہر: میں تمہیں بہت پیار کرتا ہوں…!
بیوی: تو کیا میں آپ کو پیار نہیں کرتی، میں تو آپ کے لئے ساری دنیا سے لڑ سکتی ہوں۔
شوہر: لیکن تم تو دن رات مجھ سے ہی لڑتی رہتی ہو…!؟
بیوی: آپ ہی تو میری دنیا ہو…!!
محمد امتیاز علی نصرتؔ ۔ پداپلی
…………………………
لائٹ کیوں جل رہی ہے …!
٭ ایک افیمی رات کے وقت سڑک پر لگے ایک کھمبے کو بجانے لگا اور زور زور سے آواز دینے لگا دروازہ کھولو ۔ ایک شخص جو وہاں سے گزر رہا تھا اُس نے افیمی کو کہا ’’بھائی یہ دروازہ نہیں کھمبا ہے ‘‘۔
افیمی نے کہا : چل بیوقوف اگر یہ کھمبا ہے تو اُوپر والی منزل پر لائٹ کیوں جل رہی ہے !
محمد فاضل احمد ۔ سمتا کالونی
…………………………