عبدالباری چکر ؔ نظام آبادی
پٹرول
مہنگا ہوا ہے جب سے اے میرے یار پٹرول
آنکھوں میں پھر رہا ہے لیل و نہار پٹرول
موٹرنشین سارے مانگیں ہیں یہ دُعائیں
تھوڑا ہمیں بھی دے دے پروردگار پٹرول
………………………
عاتکہ نورؔ
شرارت نہ کیجئے …!
جاہل ہیں لوگ ، اُن کی حمایت نہ کیجئے
کام آپ اپنا کیجئے، شرارت نہ کیجئے
لوہے کے ہم چنے ہیں، کوئی موم ہم نہیں
دریا میں یوں مگر سے، عداوت نہ کیجئے
اﷲ کا ہے حکم ، شریعت کہیں جسے
اس میں مداخلت کی، حماقت نہ کیجئے
چنگاریوں سے آگ بھڑک جائے نہ کہیں
بھڑکا کے گھر میں آگ، مصیبت نہ کیجئے
آساں نہیں جناب، بھڑوں سے مقابلہ
چھتے میں ہاتھ دینے کی، جرأت نہ کیجئے
رہتی ہیں ہم سے ساری، خواتین منسلک
پھٹے میں ٹانگ اڑانے کی، زحمت نہ کیجئے
…………………………
پہلا آپریشن …!!
٭ آپریشن تھیٹر جاتے ہوئے مریض نے ’’نرس سے کہا ‘‘میں بہت نروس ہوں یہ میرا پہلا آپریشن ہے ؟
’’نرس نے کہا ‘‘ میں بھی بہت نروس ہوں ۔ ڈاکٹر کا یہ پہلا آپریشن ہے۔
ابن القمرین ۔ مکتھل
……………………………
…خبر پہ شوشہ …
تو اِدھر اُدھر کی نہ بات کر …!
٭ اس ہفتہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک میں پٹرول اور گیس کی قلّت نیز مشرق وسطیٰ میں جنگ کی وجہ سے ابتر ہورہے حالات اور اس کے ہندوستان پر مرتب ہونے والے اثرات پر پارلیمنٹ میں ایک مبہم سا مختصر بیان دیا جو بہت غیر واضح تھا۔ ایوان اور پھر میڈیا میں اس بیان پر کافی تنقیدیں ہوئیں۔ غالبًا یہ بات 2012 کی ہے جب اس وقت کے وزیراعظم منموہن سنگھ نے ملک کے حالات پر پارلیمنٹ میں ایک بیان دیا تھا۔ جس پر بی جے پی قائد سشماسواراج نے منموہن سنگھ پر طنز کستے ہوئے ایک شعر پڑھا تھا جو نریندر مودی کے متذکرہ بالا بیان پر بھی صادق آتا ہے۔ شعر یوں تھا ؎ ’’تو اِدھر اُدھر کی نہ بات کر، یہ بتاکہ قافلہ کیوں لٹا … مجھے رہزنوں سے گلہ نہیں، تری رہبری کا سوال ہے‘‘۔
کے این واصف۔ ریاض
…………………………
میرا کیا ہوگا …؟
٭ ایک شخص اپنے دوست کے سامنے اپنی بیوی کے خلاف دل کی بھڑاس نکال رہا تھا ۔ ’’کبھی کبھی اس کی اوٹ پٹانگ باتیں سُن کر میرا دل چاہتا ہے کہ اسے اُٹھاکر اوپر والی منزل سے نیچے پھینک دوں مگر مصیبت یہ ہے کہ میں ایسا کر نہیں سکتا ‘‘ ۔
’’کیوں؟ ‘‘ دوست نے پوچھا کیا تمہاری بیوی کا وزن زیادہ ہے ؟
’’نہیں …!‘‘ ان صاحب نے چڑکر کہا : ’’سوچتا ہوں اگر وہ بچ گئی تو میرا کیا ہوگا ؟ ‘‘
نظیر سہروردی۔ راجیونگر
…………………………
شکر ہے …!!
٭ بیوی غصے سے: اس سال آپ پھر میری سالگرہ بھول گئے…!
شوہر: جانو مجھے تمہاری سالگرہ کیسے یاد رہے گی بھلا! تمہیں دیکھ کر لگتا ہی نہیں تمہاری عمر زیادہ ہو گئی ہے…؟
بیوی: شرماتے ہوئے ہائے سچ؟
شوہر سوچتے ہوئے:شکر ہے بچ گیا ٹائم پر ڈائیلاگ یاد آگیا…!!
محمد امتیاز علی نصرتؔ۔ پداپلی
…………………………
کبھی شکایت کی …!
شوہر (ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ) بیگم تمہیں معلوم ہے کھانے میں کتنے دنوں سے کنکر آرہے ہیں ، میرے داڑھ میں تکلیف ہورہی ہے مگر میں نے تم سے آج تک کبھی شکایت نہیں کی ہے ؟
بیوی : ہاں میں جانتی ہوں ! مگر تم جو ہر مہینے مجھے گھر خرچ کی جو رقم دیتے ہیں اُس میں کتنے نوٹ بوسیدہ اور پھٹے ہوئے ہوتے ہیں کیا میں نے اس کی کبھی تم سے شکایت کی ہے ۔ بیوی نے بڑے اطمینان سے کہا …!!
سالم جابری ۔ آرمور
…………………………