انور مسعود
رسم دنیا بھی ہے …!!
آپ بے جرم یقیناً ہیں مگر یہ فدوی
آج اس کام پر معمور بھی مجبور بھی ہے
عید کا روز ہے کچھ آپ کو دینا ہوگا
رسم دنیا بھی ہے موقع بھی ہے دستور بھی ہے
…………………………
فرید سحرؔ
دیکھنا …!!
اک غزل ایسی کہوں گا دیکھنا
جس میں سب کو لے مروں گا دیکھنا
نیکیاں گر سو کروں گا دیکھنا
گالیاں دو سو سُنوں گا دیکھنا
ساری محفل دم بخود رہ جائے گی
جب ترنم سے پڑھوں گا دیکھنا
آپ چاہے مت کریں اس پر یقیں
بن کے لائیر سچ کہوں گا دیکھنا
دم ابھی پُورا بھی نکلے گا نہیں
سیدھا جنت میں گُھسوں گا دیکھنا
تُم سے کتنی ہے محبت کیا کہوں
آ کے دوزخ میں ملوں گا دیکھنا
اک ذرا مُجھ کو منسٹر بننے دو
کس قدر گھپلے کروں گا دیکھنا
ایک بھی شاعر کو چھوڑوں گا نہیں
سب کی غزلیں میں پڑھوں گا دیکھنا
ایک ڈنڈا بس ہے کافی ہاتھ میں
جا کے سرحد پر لڑوں گا دیکھنا
سب حقیقت سامنے آ جائے گی
جب نشے میں میں بکوں گا دیکھنا
کارنامہ کُچھ نہیں میرا سحرؔ
پھر بھی میں ایوارڈ لوں گا دیکھنا
…………………………
بعد میں …!!
بعد میں جنگ لمبی ہو جاتی ہے
بعد میں پیٹرول مہنگا ہو جاتا ہے
بعد میں آبنائے ہرمز بند ہو جاتی ہے
بعد میں جھوٹے بیان دینے پڑتے ہیں
بعد میں شیخوں سے بھی پنگا لینا پڑتا ہے
بعد میں اڑتے تیر کمر پر کھانے پڑتے ہیں
بعد میں لاکھوں لوگ احتجاج کرتے ہیں
بعد میں ایران صلح پر تیار نہیں ہوتا
بعد میں ذلالت مقدر بن جاتی ہے
مرسلہ: ابن القمرین ۔ مکتھل
…………………………
…خبر پہ شوشہ …
’’ عیدی اور ای ڈی ‘‘
٭ فیس بک پر ورق گردانی کے دوران ٹی وی کی معروف اینکر روبیکا لیاقت کا ایک ویڈیو سامنے آیا جس میں وہ اپنے والد (لیاقت) سے عید کے روز عیدی مانگ رہی ہیں۔ ٹی وی ڈبیٹ میں تو وہ ہمیشہ بھڑکتی، برستی نظر آتی ہیں مگر یہاں وہ اپنے والد سے بڑے پیار و دلار سے عیدی مانگتے نظر آرہی تھیں۔ دو، تین، منٹ کے اس ویڈیو میں دکھایا گیا کہ روبیکا کے عیدی مانگنے پر لیاقت صاحب اُنھیں پانچ سو کا نوٹ نکال کر دیتے ہیں۔ جس پر روبیکا پیار بھری ناراضگی جتاتے ہوئے زیادہ رقم کی مانگ کرتی ہیں اور ایک چھوٹا سوٹ کیس دکھا کر کہتی ہیں مجھے یہ بیگ بھر عیدی چاہئے ۔ اس پر لیاقت صاحب کہتے ہیں تمہاری عیدی کی چکر میں میرے پاس ED آجائے گی۔
اس ویڈیو پر روبیکا لیاقت کو ہمارا ایک سوال اور ایک مشورہ ہے۔ سوال یہ کہ : ’’کیا الیکٹرانک میڈیا میں کام کرنے والے اپنی زندگی کے نجی معاملات کی بھی ویڈیو ریکارڈنگ کرتے ہیں ‘‘۔ اور مشورہ کہ : ’’روبیکا جی بریف کیس بھر رقم عیدی میں نہیں صرف تلوے چاٹنے پر ہی مل سکتی ہے ‘‘۔
کے این واصف۔ ریاض
…………………………
پتہ نہیں …!
گاہک : یہ سوپ میں مکھی کیا کررہی ہے ؟
ویٹر : پتہ نہیں سوپ چکھ کر مرگئی ہوگی …!!
مظہر قادری۔ حیدرآباد
…………………………
کوئی فرق نہیں پڑتا …!!
٭ آر ٹی سی بس میں دو مسافر سفر کے دوران جھگڑ رہے تھے … ! ایک کہتا تھا کہ کھڑکی کا آئینہ چڑھا دو مجھے سردی ہورہی ہے ، دوسرا چاہتا تھا کہ کھڑکی کاآئینہ اُتاردوں کیونکہ اُسے گرمی ہورہی تھی ۔ جب لڑتے لڑتے کافی دیر ہوگئی تو کنڈاکٹر بولا : ’’کیوں لڑتے ہو بھائی ! کوئی فرق نہیں پڑتا ! کھڑکی میں صرف فریم ہے شیشہ نہیں ہے !!
مظہر قادری ۔ حیدرآباد
…………………………