شیفالی زری والا کی موت پر ممبئی پولیس کی تفتیش

   

ممبئی ۔ 28 جون (یو این آئی) اداکارہ شیفالی زری والا کی اچانک موت نے بالی ووڈ دنیا کو گہرے غم میں مبتلا کر دیا ہے ۔ 42 سالہ شیفالی کو گزشتہ شب سینے میں تکلیف کی شکایت پر فوری طور پر ممبئی کے بیلیو ملٹی اسپیشلٹی اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ ابتدائی رپورٹ میں موت کی ممکنہ وجہ دل کا دورہ بتائی گئی ہے ، تاہم ابھی تک سرکاری سطح پر اس کی تصدیق نہیں ہوئی۔ نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے کوپر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔ ہفتہ کو ممبئی پولیس کی ایک ٹیم اور فارنسک ماہرین ان کی رہائش گاہ پر پہنچے تاکہ موت کے اسباب کی باریکی سے تفتیش کی جا سکے ۔ پولیس نے بیان میں واضح کیا ہے کہ موت کی وجہ فی الحال غیر واضح ہے ۔ اہلکاروں کے مطابق اداکارہ اپنے شوہر کے ساتھ ممبئی کے اندھیری علاقہ میں واقع گولڈن ریز نامی عمارت میں مقیم تھیں۔ ان کے شوہر اور دیگر اہل خانہ انہیں رات دیر گئے اسپتال لے کر پہنچے ، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کی۔