ملبورن : سابق آسٹریلوی لیگ اسپنر شین وارن کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلیم ملک نے انہیں 1994 کے کراچی ٹیسٹ کو فِکس کرنے کی پیشکش کی تھی جسے انہوں نے مسترد کردیا تھا۔شین وارن کی زندگی پر بننے والی ڈاکیو مینٹری ’شین‘ میں پاکستانی کپتان سلیم ملک پر فکسنگ کیالزامات لگاتے ہوئے کہا گیا کہ سلیم ملک نے 1994میں کراچی ٹیسٹ ہارنے کیلئے فکسنگ کی آفر کی۔شین وارن کے مطابق ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز سلیم ملک نے مجھ سے رابطہ کیا اور ہارنے کی صورت میں مجھے اور ساتھی کھلاڑی کو 2 لاکھ 76 ہزار ڈالرز کی پیشکش کی۔انہوں نے الزام لگایا کہ سابق پاکستانی کرکٹر نے انہیں اور ان کے ساتھی ٹم مے کو اسٹمپ سے باہر گیند کرنے اور وکٹ نہ لینے پر خطیر رقم کی پیشکش کی تھی۔شین وارن نے مزید کہا کہ وہ سلیم ملک کی پیشکش سے کافی حیران ہوئے البتہ انہوں نے رشوت لینے سے انکار کر دیا جس کے بعد سابق پاکستانی کھلاڑی نے دوبارہ کبھی رابطہ نہیں کیا۔اس کے علاوہ سابق آسٹریلوی لیگ اسپنر نے دعویٰ کیا کہ سلیم ملک نے انہیں کہا کہ اگر وہ میچ ہار گئے تو ان کے گھر جل جائیں گے۔واضح رہے کہ پاکستان نے آسٹریلیا کو 1994 کے کراچی ٹیسٹ میں انضمام الحق اور مشتاق احمد کی تاریخی پارٹنر شپ کی بدولت سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دی تھی۔