دبئی ۔ ونڈے فارمیٹ میں ہینرک کلاسن نے پاکستان کے خلاف ہوم سیریز میں تین شاندار نصف سنچریوں کی بدولت مردوں کی ونڈے بیٹنگ رینکنگ میں 13ویں سے پانچویں نمبر پر چھلانگ لگائی، ان کے پوائنٹس 743 ہو گئے۔ پاکستان کے صائم ایوب کی دو شاندار سنچریوں نے انہیں 70ویں سے مشترکہ طور پر23 ویں مقام پر پہنچا دیا، ان کے 603 پوائنٹس ہوگئے۔ 22 سالہ ایوب نے سیریز میں بولنگ کارکردگی کے بعد آل راؤنڈر کی ونڈے رینکنگ میں 113 درجے اوپر جاکر امریکی کھلاڑی اسٹیون ٹیلر کے ساتھ مشترکہ طور پر 42 ویں نمبر پر جگہ بنالی۔ افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی نے زمبابوے کے خلاف سیریز میں 6 وکٹیں لے کر ونڈے بولنگ میں 43 درجے ترقی کرکے 58ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ عمرزئی آل راؤنڈر کی ونڈے رینکنگ میں بھی پانچ درجے ترقی سے تیسرے نمبر پر پہنچ گئے۔ بنگلہ دیش کے کامیاب ملٹی فارمیٹ دورہ ویسٹ انڈیزکا اختتام ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 3-0 کی فتح کے ساتھ ہوا، اور رینکنگ ان کی غلبہ کی عکاسی کرتی ہے۔ مہد ی حسن 13 درجے ترقی سے ٹی ٹوئنٹی بولنگ رینکنگ کے ٹاپ 10 میں شامل ہو گئے، جہاں وہ اب 10ویں نمبر پر ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے راسٹن چیز نے بھی متاثرکیا، 11 درجے اوپر جا کر 13ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ دیگر بنگلہ دیشی کھلاڑیوں میں رشاد حسین نے 21 درجے ترقی کر کے 17ویں نمبر پر جگہ بنائی، جبکہ حسن محمود نے 23 درجے ترقی کر کے 24ویں نمبر پر اپنا مقام مضبوط کرلیا ہے ۔