صائم ایوب کی شکل میں پاکستان رفتار حاصل کرنے کا خواہاں

   

سڈنی ۔ آسٹریلیا کے خلاف تیسرے اور آخری ٹسٹ میچ میں نوجوان اوپنر صائم ایوب ٹسٹ ڈیبیو کریں گے۔ ذرائع کے مطابق امام الحق کو تیسرے ٹسٹ میچ سے باہر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پاکستان ٹیم منیجمنٹ امام الحق کی سست بیٹنگ سے خوش نہیں ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف امام الحق نے 2 ٹسٹ میچزکی 4 اننگز میں ایک نصف سنچری کے ساتھ 94 رنز بنائے، انہوں نے سیریز میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 301 گیندیں کھیلیں۔ ذرائع نے کہا ہے کہ ٹیم منیجمنٹ کا بیٹرزکو واضح پیغام ہے کہ مثبت اور ٹیم کے لیے بیٹنگ کریں۔ میلبورن ٹسٹ کی دوسری اننگز میں امام الحق نے اپنا پہلا رن 18ویں گیند پر بنایا تھا۔ علاوہ ازیں ذرائع نے یہ بھی کہا ہے کہ ٹسٹ ٹیم کے نائب کپتان شاہین شاہ آفریدی کے لیے بھی ٹیم منیجمنٹ نے منصوبہ تیار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق شاہین آفریدی کو سڈنی ٹسٹ سے پہلے بولنگ سے دور رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق 3 جنوری سے شروع ہونے والے سڈنی ٹسٹ میچ کے لیے شاہین آفریدی نیٹ پر بولنگ نہیں کریں گے۔ انہیں سڈنی ٹسٹ سے پہلے زیادہ سے زیادہ آرام کروانے کی حکمت عملی ہے۔ دریں اثناء ٹیم منیجمنٹ سڈنی ٹسٹ میں شاہین آفریدی سے زیادہ بولنگ نہیں کروائے گی۔ شاہین آفریدی 2 ٹسٹ میچوں میں 99.2 اوورزکرچکے ہیں۔