بغداد : برہم عراقی صدر صالح نے ملک میں جاری بحران کے خاتمے کیلئے قبل ازوقت پارلیمانی انتخابات کے انعقاد کی حمایت کردی ہے۔اس سیاسی بحران کو رواں ہفتے تشدد کے واقعات سے مہمیز ملی ہے جن کے نتیجے میں تیس سے زیادہ افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہو گئے ہیں۔ گذشتہ سال منعقدہ انتخابات کے بعداب تک عراق میں نئی حکومت تشکیل پاسکی ہے اور نہ نئے صدر کا انتخاب ہوسکا ہے۔اس صورت حال میں عراق کے طاقتورشیعہ مذہبی پیشوا مقتدیٰ الصدر بھی گذشتہ کچھ عرصے نئے انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ کررہے ہیں۔ان کے حامیوں کی گذشتہ روز ریاستی سکیورٹی فورسز اورایران نواز گروپوں سے جھڑپیں ہوئی ہیں۔