صبح میں ٹی آر ایس کا کھنڈوا، شام میں کانگریس میں واپسی

   

… یادگیری گٹہ میں سیاسی ڈرامہ…

بھونگیر 27 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھونگیر ضلع کے یادگیرگٹہ منڈل میں سیاسی ڈرامہ دیکھا گیا۔صبح میں کانگریس پارٹی کے تین اراکین بلدیہ دو ایم پی ٹی سیز،اوردیگر کانگریسی قائدین نے ٹی آر ایس میں شامل ہوئے۔اور شام میں دوبارہ کانگریس میں ہی رہنے کا اعلان کیا۔ تفصیلات کے مطابق کانگریس پارٹی کے تین اراکین بلدیہ گنڈوپلی وانی، ملیش، ارونا راجیش نے حیدرآباد میں وزیر برقی جگدیشورریڈی،رکن اسمبلی گورنمنٹ وہپ سنیتا مہیندرریڈی کی قیادت میں وزیر بلدی نظم ونسق کے ٹی آر سے ملاقات کرتے ہوئے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی۔ کے ٹی آر نے انہیں پارٹی کنڈوا پہناکر ٹی آر ایس پارٹی میں ان کا استقبال کیا۔لیکن شام میں وہ یادگیرگٹہ پہنچنے کے بعد دو اراکین بلدیہ ملیش یادو،بٹو ہریش نے آلیر کانگریس پارٹی انچارج بیرلا ایلیا سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس میں رہنے کا اعلان کیا اور کہا کہ چند دن قبل آلیر رکن اسمبلی سنیتا مہیندرریڈی نے بلدیہ کے کونسل اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے فنڈز کی اجرائی کیلئے وزیر بلدی نظم ونسق کے ٹی آر سے ملاقات کرنے تمام اراکین بلدیہ کو لیجانے کا وعدہ کیا تھا۔اسی کے مطابق وہ کے ٹی آر سے ملاقات کرنے کی غرض سے حیدرآباد کے ٹی آر کے پاس گئے تھے۔لیکن وہاں پر آپ تمام اراکین بلدیہ ٹی آر ایس میں رہیں گے تو مزید ترقی ہوگی یہ کہتے ہوئے ٹی آر ایس میں شامل کرلیا گیا۔لیکن ہم کانگریس پارٹی میں ہی رہیں گے۔اور بیرلا ایلیا کے ساتھ ملکر ہی کام کریں گے۔آلیر اسمبلی حلقہ میں انتخابات کے ایک سال قبل ہی سیاسی سرگرمیاں تیز ہوچکی ہے۔