صحابہ رضوان اللہ اجمعین کی شان میں گستاخی کی وباء پھیل رہی ہے

,

   

پولیس بروقت کارروائی کرنے میں ناکام ، دفتر کمشنر پولیس پر دھرنا دینے کا انتباہ : مولانا حسام الدین جعفرپاشاہ
حیدرآباد۔28جنوری(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں صحابہ رضوان اللہ اجمعین کی شان میں گستاخی کی وباء پھیلتی جا رہی ہے اور اس کے خلاف محکمہ پولیس کی جانب سے اختیار کردہ خاموشی ناقابل برداشت ہوچکی ہے ۔اگر محکمہ پولیس اور کمشنر آف پولیس اس مسئلہ پر کی گئی شکایت کے خلاف اندرون ایک ہفتہ کوئی کاروائی نہیں کرتے ہیں تو ایسی صورت میں کمشنر پولیس کے دفتر پر امارت ملت اسلامیہ کی جانب سے احتجاجی دھرنا منظم کیا جائے گا۔ امیر امارت ملت اسلامیہ مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ نے آج پریس کانفرنس کے دوران یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ صحابہ کی شان میں گستاخیوں کے اس لا متناہی سلسلہ کو روکنے کے لئے فوری اقدامات ناگزیر ہیں اسی لئے امارت ملت اسلامیہ کی جانب سے کمشنر پولیس مسٹر انجنی کمار کو شخصی طور پر ملاقات کرتے ہوئے مکتوب حوالہ کیا گیا تھا لیکن گستاخی کرنے والوں کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی گئی بلکہ شکایت کرنے والوں کو تسلی دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس پریس کانفرنس میںجناب رحیم الدین انصاری ناظم اعلی جامعہ اسلامیہ دارالعلوم حیدرآباد‘ مولانا مفتی غیاث رحمانی ‘ مولانامفتی عبدالمغنی مظاہری کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ نے بتایا کہ صحابہ کی شان میں کی جانے والی گستاخیوں کے سبب مسلمانوں کی دل آزاری ہورہی ہے اور اس کے باوجود پولیس کی جانب سے اختیار کردہ موقف ناقابل فہم ہے۔ جناب رحیم الدین انصاری نے کہا کہ شہر میں یونائیٹڈ مسلم فورم اور امارت ملت اسلامیہ کے بیانر تلے مناقب صحابہ اور مناقب حضرت امیر معاویہ کے جلسہ عام منعقد کئے جائیں گے اور اس بات کی بھی کوشش کی جائے گی کہ مسلم پرسنل لاء بورڈ کے ذمہ داروں کو اس مسئلہ کی نوعیت سے واقف کرواتے ہوئے مسلم پرسنل لاء بورڈکے تحت بھی جلسہ منعقد کرتے ہوئے حضرت امیر معاویہ کی شان بیان کی جائیگی۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ پولیس کی جانب سے گستاخو ں کے خلاف عدم کاروائی کی شکایت ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی سے بھی کی جائے گی اور اندرون دو یوم اس مسئلہ پر انہیں نمائندگی حوالہ کی جائے گی ۔ مولانا مفتی غیاث رحمانی نے بتایا کہ شہر حیدرآباد کی پر امن فضاء کو مکدر کرنے اور مسلمانوں کی جذبات کو مجروح کرنے کی متعدد کوششوں کے باوجود محکمہ پولیس کی جانب سے اختیار کردہ رویہ افسوسناک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام صحابہ اکرام رضوان اللہ اجمعین کا احترام مسلمانوں کی ذمہ داری ہے اور وہ جمیع اصحاب رسول ﷺ کی حرمت پر کوئی مفاہمت نہیں کرسکتے اسی لئے اب تک ذمہ دار اکابرین کی جانب سے محکمہ پولیس میں شکایات درج کرواتے ہوئے دستور کے دائرہ میں کاروائی کا مطالبہ کیا جا رہاہے اور اگر اس طرح کی حرکتوں پر کاروائی نہیں کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں مسلمان احتجاج کیلئے مجبور ہوجائیں گے۔ بعد ازاں ایوان فاضل میں منعقدہ اجلاس میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے ذمہ دار علمائے اکرام کی جانب سے حضرت امیر معاویہ کے مناقب و منصب اور ثنائے معاویہ پر شہر کے مرکزی مقام پر جلسہ عام منعقد کیا جائے گا اور اس جلسہ کیلئے 8فروری 2019 کی تاریخ طئے کی گئی ہے ۔ مولانا مفتی عبدالمغنی مظاہری کے مطابق اس جلسہ میں بیرونی مہمانوں کو بھی مدعو کیا جائے گا ۔