رکن اسمبلی پٹن چیرو کے خلاف صرف کیس درج کرنا کافی نہیں، گرفتاری کا مطالبہ
سنگاریڈی ۔ضلع سنگاریڈی کے پٹن چیرو کے ایک تلگو صحافی کو مقامی ٹی آر ایس رکن اسمبلی کی جانب سے مبینہ طور پر فون پر دھمکی دینے کے خلاف ضلع بھر میں صحافی احتجاج منظم کر تے ہوے واقعہ پر اپنی ناراضگی کا اظہار کر رہے ہیں۔ تلنگانہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس ( ٹی یو ڈبلیو جے) آئی جے یو کی جانب سے جناب محمد خواجہ وراحت علی اسٹیٹ جنرل سکریٹری ٹی یو ڈبلیو جے کی قیادت میں آج پٹن چیرو میں احتجاج منظم کیا گیا۔ مائتری گراونڈ سے صحافی ریالی کی شکل میں مجسمہ امبیڈکر پہنچے اور گلہاے عقیدت پیش کئے اس کے بعد ریالی حیدرآباد ممبئی قومی شاہراہ پہنچی اور راستہ روکو منظم کیا۔ آزادی صحافت کے حق میں اور صحافت پر حملوں کے خلاف نعرے بلند کئے۔ اس موقع پر جناب محمد خواجہ وراحت علی اسٹیٹ جنرل سکریٹری ٹی یو ڈبلیو جے نے مخاطب کرتے ہوے کہا کہ آزادی اظہار خیال عوام کا دستوری حق ہے۔ جمہوریت میں صحافت کو چوتھا ستون قرار دیا جاتا ہے لیکن افسوس کہ جمہوری طریقہ سے منتخب اور دستور کی پاسداری کا عہد لینے والے عوامی منتخب نمائندے خود دستوری حقوق اور جمہوریت کے تحفظ میں کلیدی رول ادا کرنے والے صحافت کو نشانہ بنا رہے ہیں جو غلط اور قابل مذمت ہے اور اس طرح کی کسی حرکت کو صحافی برداشت نھیں کرینگے اور اس کا موثر انداز میں جواب دینگے۔ پٹن چیرو کے صحافی کو رکن اسمبلی کی جانب سے مبینہ طور پر فون پر دھمکی دینے کی شدید مذمت کی گئی اور رکن اسمبلی سے غیر مشروط معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ اگر کوئی خبر غلط شائع ہوتی ہے صحافی کے خلاف ادارہ سے شکائت یا قانونی کاروائی کرنے کے مواقع دستیاب ہیں لیکن اس کی جگہ دھمکیاں دینا انتھائی غلط ہے اور ان سے غیر مشروط معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ پٹن چیرو پولیس نے ایم ایل اے کے خلاف کیس درج کیا ہے لیکن یہ ناکافی ہے بلکہ فوری مزید کارواء کرتے ہوے گرفتار کیا جاے۔ انصاف ہونے تک صحافی اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر انیل کمار’ راجیش’ سریکانت ریڈی’ شنکر دیال چاری’ منپلی سرینیواس’ بھومیا’ وینکٹ’ سنتوش نائک’ محمد حاجی علی’ سدھو جین’ سنتو’ اور دیگر صحافی موجود تھے۔