صحافیوں کو صحافتی اقدار برقرار رکھنے پر زور:کے ٹی آر

   


ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی میں قومی سمینار، سرکردہ صحافیوں کا خطاب

حیدرآباد۔/13 نومبر، ( پریس نوٹ ) ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی کے شعبہ ماس کمیونیکیشن اینڈ جرنلزم اور میڈیا اکیڈیمی تلنگانہ کے مشترکہ زیر اہتمام 12 اور 13 نومبر 2022کو قومی سمینار بعنوان ’’ تلنگانہ میں میڈیا: ماضی ، حال اور مستقبل ‘‘ منعقد ہوا۔ افتتاحی اجلاس کے موقع پر 12 نومبر کو وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و میونسپل اڈمنسٹریشن تلنگانہ کے ٹی راما راؤ مہمان خصوصی نے شمع روشن کرکے افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مخاطب کرتے ہوئے ہندوستان میں صحافتی خدمات کی تفصیل بتائی اور کہا کہ ہندوستان کی آزادی اور علحدہ تلنگانہ تحریک کے دوران ملک اور تلنگانہ کے صحافیوں نے گرانقدر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے صحافتی معیار کی برقراری پر زور دیا اور کہا کہ حقائق کو پیش کرنے کو ترجیح دیں کیونکہ آج چند میڈیا حقائق کو توڑ موڑ کر پیش کرکے عوام میں اُلجھن پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں جو کہ صحافتی اقدار کے معیار سے ہٹنے کی کوشش کے مترادف ہے۔ ایک اور مہمان چیرمین میڈیا اکیڈیمی تلنگانہ مسٹر الم نارائنا نے کہا کہ تلنگانہ حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکنہ کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ تحریک میں صحافیوں کے اہم کردارکو خراج تحسین پیش کیا۔ پروفیسر گھنٹا چکرا پانی اکیڈیمک ڈائرکٹر براؤنے ملک میں میڈیا کے کردار پر خطاب کیا۔ ایس وینکٹ نارائن انٹر نیشنل جرنلسٹ چیر ایف سی سی اڈوائزر کمیٹی نئی دہلی نے تلنگانہ سے تقریباً 200 اخبارات کی اشاعت کا ذکر کیا۔ اس دوران انہوں نے اردو اخبارات کی جانب سے قومی سطح پر معیار اور اقدار کی برقراری کا ذکر کیا۔ پروفیسر کے سیتا راما راؤ وائس چانسلر ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی نے قومی سمینار کی صدارت کی۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ امبیڈکر یونیورسٹی میں متعدد جرنلسٹوں کی جانب سے حصول تعلیم پر اعزاز کا اظہار کیا ۔ ڈاکٹر اے وی این ریڈی رجسٹرار کے علاوہ ایگزیکیٹو کونسل ممبر براؤ و سی ای او ٹی سیاٹ آر سیلیش ریڈی، ڈین فیکلٹی آف سوشیل سائنس پروفیسر وڈانم سرینواس نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس کے پہلے سیشن سے خطاب کرنے والوں میں پروفیسر کے اسٹیوونسن عثمانیہ یونیورسٹی ، کے رامچندرا مورتی سینئر جرنلسٹ، ہاسم یادگیری تلنگانہ یونین ایکشن کمیٹی کنوینر، سمتا سپتی سابق پروگرام ایگزیکیٹو آل انڈیا ریڈیو، ٹی بھون نارائنا ایڈیٹر سواتنترا ٹی وی، ایچ رمیش بابو فلم جرنلسٹ و مورخ جبکہ دوسرے سیشن میں پروفیسر اڈاپا ستیہ نارائنا ایڈیٹر آندھرا جیوتی، ڈاکٹر کے سرینواس بدھاوانم پراجکٹ اسپیشل آفیسر، ملے پلی لکشمیا تلنگانہ اسٹیٹ انفارمیشن کمشنر، کے شیکھر ریڈی نمستے تلنگانہ، بی وینو گوپال سوامی جبکہ تیسرے سیشن میں پروفیسر وی ستی ریڈی، آر وی راما راؤ ایڈیٹر وشال آندھرا،داسو کیشوا راؤ اور جگن ریڈی سینئر جرنلسٹ ، پالاکرتی اور ڈاکٹر راپولو ستیہ نارائنا نے ریسرچ پیپرس پیش کئے۔ پیانل مباحث میں پروفیسر گھنٹا چکراپانی اکیڈیمک ڈائرکٹر براؤ، چندرا مولی سینئر جرنلسٹ ، ڈی رمیش ٹی وی9 ڈپٹی ایگزیکیٹو ایڈیٹر، روی کانت ریڈی ہندو نیوز پیپر، آر سیلیش ریڈی سی ای او ٹی سیاٹ، وجئے کمار ریڈی ساکھشی پیپر نے حصہ لیا۔ اجلاس کے دوسرے دن یعنی 13 نومبر کو بھی سرکردہ صحافیوں نے خطاب کیا اور پیانل مباحث منعقد کئے گئے تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کے ڈائرکٹرس ، ڈینس، صدور شعبہ جات، فیکلٹی ممبرس اور اسٹاف کے علاوہ شرکاء کی کثیر تعداد شریک تھی۔