وزیر مال سرینواس ریڈی کا جائزہ اجلاس، درخواستوں کے ادخال کیلئے خصوصی ویب سائیٹس کی تیاری
حیدرآباد ۔ 15 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں حکومت صحافیوں کی بھلائی کے اقدامات کی پابند ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اہل صحافیوں کو اکریڈیٹیشن کارڈس کی اجرائی کے لئے رہنمایانہ خطوط جاری کرنے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے۔ سرینواس ریڈی نے آج صحافیوں کے مسائل پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جس میں پرنسپل سکریٹری ہوم روی گپتا ، صدرنشین پریس اکیڈیمی کے سرینواس ریڈی ، کمشنر اطلاعات سی ایچ پریانک اور چیف منسٹر کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر جی ملسور اور دوسروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں اکریڈیٹیشن کارڈس کی اجرائی کی پالیسی ، صحافیوں کے لئے ہیلت کارڈ اسکیم ، جرنلسٹ ایوارڈس اور صحافیوں پر حملوں کے سلسلہ میں اعلیٰ اختیاری کمیٹی اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا ۔ وزیر مال سرینواس ریڈی نے کہا کہ صحافیوں پر حملوں کے واقعات کے تدارک کیلئے حکومت اقدامات کر رہی ہے ۔ اس سلسلہ میں اعلیٰ اختیاری کمیٹی کے احیاء کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ متحدہ آندھراپردیش میں 2008 میں اس وقت کی کانگریس حکومت نے جی او جاری کیا تھا۔ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد کمیٹی تشکیل نہیں دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے دیگر مسائل کے سلسلہ میں سہ رکنی کمیٹی کے احیاء کا فیصلہ کیا گیا۔ صحافیوں کیلئے ہیلت پالیسی پر تفصیلی غور کیا گیا ۔ انشورنس پالیسی پر عمل آوری کا جائزہ لیا گیا۔ آروگیہ شری کے اشتراک سے پالیسی تیار کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی گئی۔ اجلاس میں اکریڈیٹیشن کارڈس کی اجرائی کی پالیسی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ریاستی وزیر نے اکریڈیٹیشن کارڈس کیلئے درخواستوں کے ادخال کے سلسلہ میں خصوصی ویب سائیٹ تیار کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ صدرنشین پریس اکیڈی کی درخواست پر ریاستی وزیر نے جرنلسٹ ایوارڈس کے احیاء سے اتفاق کیا ۔ اجلاس میں آروگیہ شری کی سی ای او اودے کمار اور ایڈیشنل کمشنر لیبر کنگا دھر نے بھی شرکت کی۔1