پنچکولہ 11 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) سی بی آئی کی ایک عدالت نے آج ڈیرا سچا سودا کے سربراہ گرمیت رام رحیم سنگھ اور تین دوسروں کو ایک صحیفہ نگار رام چندر چھترپتی کے 2002 میں قتل کا ملزم قرار دیا ہے ۔ تمام چاروں ملزمین کو خاطی قرار دیا گیا ہے ۔ سی بی آئی کے وکیل ایچ پی ایس ورما نے خصوصی سی بی آئی جج جگدیپ سنگھ کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے کے بعد یہ بات کہی ۔ ان خاطیوں کیلئے سزاوں کا اعلان 17 جنوری کو کیا جائیگا ۔ دوسرے تین ملزمین میں کلدیپ سنگھ ‘ نرمل سنگھ اور کرشنا لال شامل ہیں۔ 51 سالہ گرمیت رام رحیم ان دنوں روہتک کی سناریہ جیل میں قید ہے اور اس نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ عدالت کی کارروائی میں حصہ لیا ۔ گرمیت رام رحیم فی الحال اپنی دو شاگروں کی عصمت ریزی کے مقدمہ میں 20 سال قید کی سزا کاٹ رہا ہے ۔ چھتر پتی کو 2002 میں اس کے گھر کے باہر گولی ماردی گئی تھی جبکہ اس کے اخبار ’’ پورا سچ ‘‘ میں ایک نامعلوم مکتوب شائع کرتے ہوئے واضح کیا گیا تھا کہ گرمیت رام رحیم کی جانب سے خواتین کا کس طرح سے جنسی استحصال کیا جارہا ہے ۔