صحافی کے ساتھ ریلوے پولیس کا غیر انسانی سلوک: کانگریس

   

نئی دہلی، 12جون (سیاست ڈاٹ کام)کانگریس نے اترپردیش کے شاملی میں مال گاڑی کے پٹری سے اترجانے کے واقعہ کی رپو رٹ کرنے گئے صحافی کے ساتھ ریلوے پولیس کی بدسلوکی اور غیرانسانی رویہ پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے واقعہ کی مذمت کی ہے ۔ پارٹی نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر لکھا پہلے ایک صحافی کی غیرقانونی گرفتاری اور اب ایک صحافی کی بے رحمی سے پٹائی۔ اترپردیش میں امن و قانون نظام پٹری سے اتر چکا ہے ۔ ملزم بے لگام ہیں اور بربریت جاری ہے ۔ آدتیہ ناتھ کے راج میں جمہوریت کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے ۔ اس کے ساتھ ہی ایک خبر بھی پوسٹ کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ریاست کے شاملی کے دھیمن پور پھاٹک میں ٹریک بدلنے کے دوران مال گاڑی کے کچھ ڈبے پٹری سے اتر گئے تھے ۔ اس واقعہ کو کور کرنے گئے صحافی کو ریلوے پولیس نے جم کر پیٹائی کی اور اس کے ساتھ غیرانسانی سلوک کیا۔ خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر اس بارے میں ویڈیو وائرل ہوا ہے جس میں سادی وردی میں ریلوے پولیس کے کچھ جوان ایک صحافی کی پٹائی کررہے ہیں۔
صحافی کو ریلوے پولیس جوانوں نے مارا، پیٹا اور گالیاں دیں اور بعد میں حوالات میں بند کردیا۔ معاملہ وائر ل ہونے کے بعد کچھ پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے ۔