ٹیکہ اندازی کیلئے شعور بیداری کی ضرورت : ہریش راؤ
حیدرآباد۔/12 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر صحت ہریش راؤ نے کہا کہ حکومت صحت مند تلنگانہ کی تشکیل کے مقصد کے تحت کام کررہی ہے۔ سرکاری شعبہ میں غریبوں کیلئے بہتر علاج کی سہولتیں فراہم کرنے نئے ہاسپٹلس کے قیام ‘موجودہ دواخانوں میں انفرااسٹرکچر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ تلنگانہ خانگی ملازمین کی تنظیم کی جانب سے مکمل صحت مند تلنگانہ کے عنوان سے تیار پوسٹر کی وزیر صحت نے رسم اجراء انجام دی۔ اس موقع پر ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں ہر شخص کو بیماریوں سے نجات دلانے اور ریاست کو صحت مند بنانے کئی انقلابی قدم اٹھائے گئے ۔ عوام کو اس میں حکومت سے تعاون کرنا چاہیئے۔ عوام کے تعاون کے بغیر صحت مند تلنگانہ کی تشکیل ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباسے بچاؤ کیلئے ہر ایک کو ویکسین حاصل کرنی چاہیئے۔ نئے اومی کرون ویرینٹ کے خطرہ کے پیش نظر ٹیکہ اندازی کی اہمیت میں اضافہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ ٹیکہ اندازی میں حصہ لینے کے علاوہ کورونا قواعد پر سختی سے عمل کریں اور ماسک کے استعمال کو لازمی کرلیں۔ ہریش راؤ نے کہاکہ سماجی دوری کے علاوہ سنیٹائزر کا استعمال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں اور رضاکارانہ تنظیموں کو بھی حکومت سے تعاون کرکے کورونا سے نمٹنے میں اپنا رول ادا کرنا چاہیئے۔ ہریش راؤ نے ملازمین کو مشورہ دیا کہ وہ عوام میں کورونا قواعد کے سلسلہ میں شعور بیدار کریں۔ اس موقع پر ایمپلائز یونین صدر جی راملو، جنرل سکریٹری ڈاکٹر بھاسکر، سکریٹری چیتنیا اور دیگر قائدین موجود تھے۔ر