نظام آباد: 10؍ جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)’ صحت مند شہری ہی قوم کی اصل دولت ہوتے ہیں” ان خیالات کا اظہار میونسپل کمشنر ایس دلیپ کمار نے صفائی عملے سے مخاطب کرتے ہوئے کیا یہ”تلنگانہ رائزنگ ۔ 100 دنوں کا ایکشن پلان” کے تحت جاری ترقیاتی و صفائی کاموں کا معائنہ کر رہے تھے۔ کمشنر نے ڈیویژن نمبر 35، 47، 9، 33 اور 54 کا دورہ کیا جہاں اس منصوبہ کے تحت کام جاری ہیں۔بعد ازاں کمشنر دلیپ کمار نے آریہ نگر، ونائیک نگر روڈ، آر آر چوراہا، قلعہ روڈ، بودھن روڈ، کھوجہ کالونی، گاندھی چوک، حمل واڑی، ویکلی بازار اور وینومال کراس روڈ کے علاوہ کئی اندرونی سڑکوں کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے بارش کے پانی کے جمع ہونے والے اہم مقامات اور نالیوں کا بغور معائنہ کیا۔ کمشنر دلیپ کمار نے صفائی عملے کو سختی سے ہدایت دی کہ شہر میں صفائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو شکایت کا موقع نہ ملے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ شہر کو متعدی بیماریوں جیسے نمونیا، ڈینگو اور ملیریا سے محفوظ رکھنے کیلئے گندگی اور پانی کے ٹھہراؤ کو فوری دور کیا جائے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر روی بابو، سینیٹری سپروائزر ساجد علی، متعلقہ سینیٹری انسپکٹرز، علاقے کے صفائی جوان اور دیگر ملہ بھی موجود تھے۔