صحت و صفائی پر عوام میں شعور بیداری ضروری: ہریش رائو

,

   

سدی پیٹ میونسپلٹی کرپشن سے پاک، پٹنا پرگتی پروگرام کے تحت عوام سے ملاقات
حیدرآباد۔ 26 فروری (سیاست نیوز) وزیر فینانس ٹی ہریش رائو نے پٹنا پراگتی پروگرام کے تحت آج سدی پیٹ کے مختلف منڈلوں میں عوامی مسائل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سدی پیٹ میونسپلٹی کو کرپشن سے پاک قرار دیا اور کہا کہ اس میونسپلٹی میں عوام کو اپنے کاموں کی تکمیل کے لیے کسی بھی عہدیدار کو رشوت دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ تمام محکمہ جات میں ہر سطح پر شفافیت کے ساتھ کام ہورہا ہے۔ ہریش رائو نے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے عوام کو صحت و صفائی پر توجہ دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ کچرے کو سڑک پر پھینکنے کی صورت میں بلدیہ کی جانب سے 5 ہزار روپئے تک جرمانہ کیا جائے گا۔ بلدیہ کی جانب سے مکانات میں سوکھے اور گیلے کچرے کے لیے دو علیحدہ ٹوکریاں حوالے کی گئی ہیں اور عوام کو چاہئے کہ وہ گیلا اور سوکھا کچرا علیحدہ علیحدہ طور پر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت و صفائی سے ماحول صاف ستھرا رہے گا اور ماحولیاتی آلودگی کے امکانات نہیں ہوں گے۔ عوامی صحت کے تحفظ کے لیے صحت و صفائی اہمیت کی حامل ہے۔ ہریش رائو نے گھر گھر جاکر عوام سے ملاقات کی اور مسائل دریافت کئے۔ انہوں نے بعض مقامات پر کچرے کی عدم نکاسی پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ نہ صرف عہدیداروں بلکہ عوام کو اس سلسلہ میں باشعور انداز میں کام کرنا ہوگا۔ عوام کے تعاون کے بغیر شہری ترقی ممکن نہیں ہے۔ ڈسٹرکٹ ایڈیشنل کلکٹر مزمل خاں میونسپل چیرمین راجنا اور وارڈ کونسلرس کے ہمراہ ہریش رائو نے وارڈ 30 اور 20 کا دورہ کیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اندرون 10 یوم انڈرگرائونڈ ڈرینیج کا منصوبہ تیار کریں۔ ہریش رائو نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے لیے فنڈس کی کوئی کمی نہیں ہوگی۔ پٹنا پرگتی پروگرام کے دوران جو بھی مسائل منظر عام پر آئیں گے ان کی بروقت یکسوئی کی جائے گی۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ عوامی مسائل کی یکسوئی کو اولین ترجیح دیں۔ ہریش رائو نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے دیہی اور شہری ترقی کے لیے یکساں دلچسپی لی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگادی کے موقع پر ڈبل بیڈروم مکانات مستحقین میں تقسیم کیئے جائیں گے۔