بعض سیاسی جماعتوں کا انتخابات سے دوری یا پھر غیر حاضر ہونے کا امکان
حیدرآباد۔22۔جون(سیاست نیوز) صدارتی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی و این ڈی اے کے امیدوار کی کامیابی کو یقینی تصورکیا جا رہاہے او رکہا جار ہاہے کہ مجموعی اعتبار سے بی جے پی کے پاس جملہ ووٹوں میں نصف ووٹ نہ ہونے کے باوجود بھی کامیابی کے متعلق کہا جا رہاہے کہ بیجو جنتا دل کے ارکان پارلیمان و اسمبلی این ڈی اے امیدوارہ کے حق میں ووٹ کے استعمال کئے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہے لیکن تاحال بیجو جنتا دل کی جانب سے اس سلسلہ میں کوئی اعلان نہیں کیاگیا ۔صدارتی انتخابات کے طریقہ کار کے مطابق ملک بھر میں موجود جملہ 4896 منتخبہ عوامی نمائندو ںکی جانب سے اپنے ووٹ کا استعمال کیا جائے گا جن میں 4120 ارکان اسمبلی ‘ 543ارکان پارلیمان اور 233 ارکان راجیہ سبھا اپنے ووٹ کا استعمال کر یں گے۔ارکان اسمبلی کے ووٹ کی قدر 1971 کی مردم شماری کے مطابق ہوگی اور ریاستوں کی آبادی کے اعتبار سے ان کا تناسب مقرر کیا گیا ہے مثال کے طور پر اترپردیش میں جہاں 403 ارکان اسمبلی ہیں وہاں ایک رکن اسمبلی کے ووٹ کی قدر 208ہے جبکہ ارکان پارلیمان کے ووٹ کی قدر 708ہے ۔ ملک بھر میں صدارتی انتخابات میں استعمال ہونے والے ووٹوں کی قدر کا جائزہ لیا جائے تو مجموعی اعتبار سے 10لاکھ 98ہزار 903 ووٹ کا استعمال ہوگا جو کہ تمام ارکان اسمبلی و پارلیمان کریں گے۔ آبادی کے اعتبار سے اترپردیش ملک کی سب سے بڑی ریاست ہونے کے سبب اترپردیش سے جو ارکان اسمبلی اپنے ووٹ کا استعمال کریں گے ان کی مجموعی قدر83ہزار 824ہوگی جبکہ مابقی ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کی نمائندگی کرنے والے ارکان اسمبلی کے جملہ ووٹوں کی قدر 5لاکھ 49ہزار 495ہوگی۔ایک رکن پارلیمنٹ کے ووٹ کی قدر 708ہے اور جملہ 776 ارکان پارلیمان کے ووٹوں کی قدر 5لاکھ 49ہزار408 ہوگی۔ اس طرح ملک بھر میں ارکان اسمبلی کے ووٹوں کی قدر 5لاکھ 49ہزار495ہے جبکہ ارکان پارلیمان کے ووٹوں کی قدر 5لاکھ 49ہزار 408ہے۔ این ڈی اے کی صدارتی امیدوارہ دروپدی مرموکو 5لاکھ 39ہزار 827 ووٹ حاصل ہونے کا امکان ہے کیونکہ این ڈی اے میں شامل تمام سیاسی جماعتوں کے ارکان اسمبلی و پارلیمان کے پاس موجود ووٹوں کی قدر کے اعتبار سے یہ حساب کیا گیا ہے۔ این ڈی اے میں شامل ارکان پارلیمان کے جملہ ووٹوں کی قدر 3لاکھ 23ہزار556 ہے جبکہ این ڈی اے میں شامل پارٹیوں کے ارکان اسمبلی کے ووٹوں کی قدر کا مشاہدہ کیا جائے تو مجموعی اعتبار سے ان کی قدر 2لاکھ16ہزار271 ریکارڈ کی جا رہی ہے۔این ڈی اے کو جملہ ووٹوں میں 9ہزار 625 ووٹوں کی کمی محسوس ہورہی جو کہ اگر صرف بیجو جنتا دل کی جانب سے این ڈی اے امیدوارہ کے حق میں ووٹ کا استعمال کیا جاتا ہے تو پوری ہو جائے گی علاوہ ازیں اگر ملک میں اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ امیدوار کے حق میں ووٹ کا استعمال کرنے کے بجائے بعض سیاسی جماعتیں انتخابات سے دور ی اختیار کرتے ہوئے رائے دہی سے غیر حاضر رہتی ہیں تو ایسی صورت میں بھی دروپدی مرموکی کامیابی یقینی ہوجائے گی۔م