راہول گاندھی کی ای ڈی میں طلبی کے خلاف آج چلو راج بھون پروگرام
حیدرآباد۔/15 جون، ( سیاست نیوز) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی جانب سے کانگریس قائدین سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو پوچھ تاچھ کیلئے نوٹس کی اجرائی کے خلاف کانگریس نے آج مسلسل تیسرے دن احتجاج منظم کیا۔ راہول گاندھی کو ای ڈی آفس میں مسلسل تیسرے دن طلب کئے جانے پر ملک کی دیگر ریاستوں کی طرح آج حیدرآباد میں کانگریس نے ایک روزہ دھرنا منظم کرتے ہوئے مرکزی حکومت کی انتقامی کارروائی کی مذمت کی۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی ، رکن اسمبلی جگا ریڈی، انجن کمار یادو، وی ہنمنت راؤ، جی نرنجن کے علاوہ سینکڑوں کی تعداد میں کارکنوں نے گاندھی بھون کے احاطہ میں احتجاج میں حصہ لیا۔ بعد میں پارٹی نے اس مسئلہ پر دو روزہ احتجاجی پروگرام کا اعلان کیا۔ کل 16 جون کو ’’چلو راج بھون‘‘ پروگرام منظم کیا جائے گا جبکہ 17 جون کو تمام اضلاع میں مرکزی حکومت کے دفاتر کے روبرو مظاہرے کئے جائیں گے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ جمعرات کو 10 بجے دن خیریت آباد چوراہے پر پی جناردھن ریڈی کے مجسمہ کے پاس سے ’ چلو راج بھون‘ ریالی کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے پارٹی قائدین اور کارکنوں سے بڑی تعداد میں شرکت کی اپیل کی ہے۔ جمعہ کے دن ریلوے اسٹیشنوں، پوسٹ آفسیس، ایل آئی سی، ٹیلی کام دفاتر اور انکم ٹیکس دفاتر کے روبرو مظاہرے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس سے خوفزدہ ہوکر مودی حکومت انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے ذریعہ کارروائی کررہی ہے۔ صدر جمہوریہ کے الیکشن کا حوالہ دیتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ بی جے پی کے ہاتھ میں کے سی آر کٹھ پتلی بن چکے ہیں۔ صدارتی الیکشن میں کانگریس اور بی جے پی سے یکساں دوری اختیار کرتے ہوئے کے سی آر‘ بی جے پی کی کامیابی کی راہ ہموار کررہے ہیں۔ ممتابنرجی کی جانب سے طلب کردہ اجلاس میں کے سی آر کی عدم شرکت بی جے پی سے ملی بھگت کا واضح ثبوت ہے۔ر