صدربائیڈن اور خاتون اول کی ماسک کے بغیر ہوٹل آمد

,

   

واشنگٹن : امریکی صدر جوبائیڈن ان کی اہلیہ ، نائب صدر کملا ہیرس اور ان کے شوہر گذشتہ روز دارالحکومت واشنگٹن کے مشہور فرانسیسی رسٹورنٹ لی ڈپلومیٹ ہوٹل پہنچے اور وہ تمام ماسک کے بغیر ہوٹل آئے جس پر انتظامیہ اور عوام حیران رہ گئے ۔ گذشتہ دو پہر رسٹورنٹ کے باہر ایک کار رکی جس سے امریکہ کی نائب صدر کملا ہیرس اور ان کے شوہر برآمد ہوئے اور ہوٹل میں داخل ہوئے ۔ اُس کے بعد صدر بائیڈن اور خاتون اول دوسری کار میں وہاں پہنچے ۔ ان میں سے کسی کے چہرے پر ماسک نہیں تھا ۔ ماسک کے استعمال کو لازمی قرار دیئے جانے اور وباء کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال کے باوجود بائیڈن اور اُن کے ساتھ آنے والے دیگر معززین ماسک کے بغیر ہوٹل میں گھومتے رہے ۔ امریکی حکومت نے وسط مئی میں اعلان کیا تھا کہ جن شہریوں کو کورونا ویکسین دی جاچکی ، انہیں ماسک لگانے کی ضرورت نہیں ہے ۔ امریکہ کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار الرجی کے ڈائرکٹر انٹونی فوکی نے واضح کیا ہے کہ وہ بند جگہوں پر ماسک کے استعمال کو ترک کرنے کا مشورہ نہیں دیں گے ۔دوسری طرف بائیڈن نے ماسک ترک کرنے کے اعلان والے دن کو یوم عظیم قرار دیا تھا ۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹس میں لکھا تھا امریکی شہری اب ماسک کی پابندی سے آزادی کی طرف بڑھ رہے ہیں ۔ امریکہ میں کورونا ویکسین کی پہلی ڈوز تقریباً 59فیصد آبادی کو دی جاچکی ہے ۔ امریکہ میں بتدریج یومیہ نئے کورونا کیس کم ہورہے ہیں ۔