صدرجمہوریہ نے ہونہار بچوں کو بال شکتی پرسکار عطا کئے

,

   

نئی دہلی ۔ 22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ رامناتھ کووند نے آج راشٹرپتی بھون نئی دہلی میں منعقدہ خصوصی تقریب میں کئی بچوں کو بال شکتی پرسکار عطا کیا جن میں اوڈیشہ کے یش مشرا کو پردھان منتری راشٹریہ بال پرسکار سے نوازا گیا ہے۔ جن 22 بچوں کو اس موقع پر ایوارڈس عطا کئے گئے ان میں 10 لڑکیاں اور 12 لڑکے شامل ہیں۔ بھوبنیشور کے سائلے شری وہار کے رہنے والے یش مشرا کو اسکالسٹک کے شعبہ میں نمایاں کارکردگی پر یہ ایوارڈ عطا کیا گیا۔ یش کو ایک لاکھ روپئے، ایک تختی، میڈل اور سرٹیفکیٹ عطا کیا گیا۔ پردھان منتری راشٹریہ بال پرسکار دو اہم زمروں بال شکتی پرسکار اور بال کلیان پرسکار میں دیا جاتا ہے۔ اختراعی، سماجی خدمات، آرٹ اینڈ کلچر کے علاوہ کھیل کود میں غیرمعمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور کامیابی حاصل کرنے پر پردھان منتری راشٹریہ بال پرسکار سے نوازا جاتا ہے۔ اسی طرح بچوں کی فلاح و بہبود کے شعبہ میں گرانقدر حصہ ادا کرنے پر انفرادی طور پر یا اداروں کو بال کلیان پرسکار سے نوازا جاتا ہے۔ بتایا گیا ہیکہ یش مشرا کو 23 جنوری اور 26 جنوری کو دہلی میں ہونے والی پریڈ اور ریہرسل میں بھی حصہ لینے کا موقع دیا جائے گا۔ 15 سالہ ایشانت شرما کو بھی ایوارڈ سے نوازا گیا جنہوں نے دو لٹیروں سے ایک روس کی خاتون کو بچایا تھا اور ان کی گرفتاری میں پولیس کی مدد کی تھی۔ منی پور میں ایک تالاب میں ڈوبنے والی تین لڑکیوں کی زندگیاں بچانے پر 10 سالہ لال کنسونگ کو بھی ایوارڈ عطا کیا گیا ہے۔ پیما کو بھی ایوارڈ سے نوازا گیا جس نے شدید بارش اور زمینی تودے گرنے کے باعث اسکول کی دیوار منہدم ہونے پر دو لڑکیوں کی جان بچائی تھی۔