نئی دہلی: صدر جمہوریہ رامناتھ کووند نے نوجوانوں کو قوم کی تعمیر کے لئے حوصلہ افزائی کرنے والی خیرسگالی کی مثال پیش کرتے ہوئے ریاض نامی اسکولی بچے کو ریسنگ سائکل تحفہ میں دی اور اسے نیک خواہشات دیں کہ وہ سائکل ریسنگ کا بین الاقوامی چیمپئن بنے اور سخت محنت کرکے اپنا خواب پورا کرے۔ ریاض کا خواب ایک بہترین سائکلسٹ بننے کا ہے ۔عیدالاضحی سے ایک دن قبل ریاض کو دی گئی یہ سائکل صحیح معنی میں اس کے لئے عید کے تہوار ملی ’عیدی‘ جیسی ہے۔ ریاض کی کہانی معاشرہ کے غریب طبقہ سے آنے والے ان جدوجہد کرنے والے نوجوانوں کا حوصلہ بڑھانے والی ہے جو اپنی زندگی میں بڑے خواب دیکھنے کی ہمت کرتے ہیں۔بنیادی طورپر بہار کے مدھوبنی ضلع کا رہنے والا ریاض دہلی کے آنند وہار میں واقع سروودے اسکول کی نویں کلاس طالب علم ہے ۔
