صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کا دورہ الاوہ بی بی

   

Ferty9 Clinic

محرم کے انتظامات کا جائزہ ، پہاڑی شریف کی اراضی کے تحفظ کیلئے پولیس کو مکتوب

حیدرآباد ۔ 4 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے آج عاشورہ خانہ بی بی کا الاوہ دبیر پورہ کا دورہ کرتے ہوئے محرم کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے علم بی بی پر ڈھٹی پیش کی اور تبرکات حاصل کئے ۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر عبدالحمید ، وقف بورڈ کے رکن نثار حسین حیدر آغا کے علاوہ مجاور علی الدین عارف اس موقع پر موجود تھے۔ صدرنشین وقف بورڈ کو الاوہ بی بی کے انتظامات سے واقف کرایا گیا ۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدرنشین وقف بورڈ نے کہا کہ ہر سال کی طرح تمام عاشور خانوں میں وقف بورڈ کی نگرانی میں نقائص سے پاک انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عاشور خانوں اور انجمنوں کے لئے وقف بورڈ نے 18 لاکھ روپئے جاری کئے جن کے ذریعہ سبیلوں اور دیگر سہولتوں کا اہتمام کیا جائے گا۔

محمد سلیم نے کہا کہ علم بی بی کے مرکزی جلوس کے انتظامات کے سلسلہ میں تمام سرکاری محکمہ جات کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عاشور خانہ امام باڑہ کی تعمیر و مرمت کے لئے عہدیداروںکو موازنہ تیار کرنے کی ہدایات دی گئی ہے۔ بہتر سہولتوں کے ساتھ پراجکٹ رپورٹ تیار کی جائے گی جس پر عمل ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ تعمیری کاموں کے سلسلہ میں وقف بورڈ کے پاس بجٹ کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم کے بعد تعمیری کام کا آغاز ہوگا اور وہ خود بھی امام باڑہ کا دورہ کریں گے ۔ محمد سلیم نے کہا کہ محرم اور شیعہ طبقہ کے مسائل کا جائزہ لینے کے لئے شیعہ علماء کا اجلاس طلب کیا جائے گا۔ پہاڑی شریف میں اوقافی اراضی پر ناجائز قبضوں کا حوالہ دیتے ہوئے محمد سلیم نے کہا کہ اراضی کو سب لیز کرنے والے افراد کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرنے پولیس کو مکتوب روانہ کیا گیا ہے ۔ پولیس اسٹیشن پہاڑی شریف کو وقف ریکارڈ کے ساتھ مکتوب روانہ کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کرنے کی خواہش کی گئی ہے ۔ وقف بورڈ نے محکمہ برقی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے قابضین کو برقی کنکشن دیئے جانے پر ناراضگی جتائی ۔ انہوں نے کہا کہ پہاڑی شریف کے اطراف و اکناف غیر مجاز قبضوں کی برخواستگی کے لئے ہر ممکن قانونی قدم اٹھائے جائیں گے ۔ عدالت میں سینئر وکلاء کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ حیدرآباد کا محرم اپنی تہذیب اور روایات کے سبب دنیا بھر میں شہرت رکھتا ہے ۔
ملک کے مختلف حصوں سے بلا لحاظ مذہب و ملت عوام حیدرآباد پہنچ کر عقیدت و احترام سے جلوس میں شامل ہوتے ہیں۔ جلوس ہندو مسلم اتحاد کا عملی نمونہ ہے اور امام حسین سے عقیدت میں مسلمانوں کے ساتھ دیگر طبقات بھی برابر کے شریک ہیں۔