اردو اکیڈیمی کی اسکیمات پر موثر عمل آوری کا مشورہ، بجٹ کی اجرائی کا تیقن
حیدرآباد۔/6 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کے صدر محمد خواجہ مجیب الدین نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی اور صدر اردو اکیڈیمی کی حیثیت سے تقرر پر اظہار تشکر کیا۔ پرگتی بھون میں ہوئی اس خیرسگالی ملاقات میں مجیب الدین نے اردو زبان کی ترقی اور فروغ سے متعلق ادارہ کی ذمہ داری دینے پر چیف منسٹر سے اظہار تشکر کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ اکیڈیمی کی اسکیمات کی موثر عمل آوری کے اقدامات کریں گے۔ حکومت نے تلنگانہ میں اردو کو دوسری سرکاری زبان کا موقف دیا ہے اور یہ پہلا موقع ہے کہ گروپ I اور دیگر زمرہ جات میں تقررات کیلئے امتحانات اردو میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ چیف منسٹر نے صدر اردو اکیڈیمی سے کہا کہ وہ اردو زبان کی دوسری سرکاری زبان کی حیثیت اور اسکیمات پر عمل کریں اس کے لئے حکومت کی جانب سے درکار بجٹ جاری کیا جائے گا۔ خواجہ مجیب الدین ضلع کاماریڈی ٹی آر ایس پارٹی کے صدر بھی ہیں اور سابق میں ٹی آر ایس کے اقلیتی شعبہ کے ریاستی صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ پارٹی سے دیرینہ وابستگی اور ضلع میں پارٹی کے استحکام میں اہم رول ادا کرنے پر چیف منسٹر نے انہیں اردو اکیڈیمی کی صدارت پر فائز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ان سے جو توقعات وابستہ کی ہیں اس پر پورا اُترنے کی کوشش کریں گے۔ اردو اکیڈیمی کی تمام اسکیمات کا جائزہ لیتے ہوئے ان پر شفافیت کے ساتھ عمل کیا جائے گا۔ مجیب الدین 10 جولائی کے بعد صدارت کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ انہوں نے ان سے ملاقات کرنے والے اردو اکیڈیمی کے عہدیداروں اور ملازمین کو ہدایت دی کہ وہ اپنی کارکردگی بہتر بنائیں اور اسکیمات کے سلسلہ میں کوئی کوتاہی نہ کریں۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے بجٹ کی اجرائی کی تفصیلات حاصل کی ہیں تاکہ مزید بجٹ کیلئے حکومت سے نمائندگی کی جاسکے۔ر