واشنگٹن 3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے دو صحافیوں کی ایک نئی کتاب میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک وقت پر تجویز کیا کہ ملک میں آنے والے غیر قانونی تارکینِ وطن کو آہستہ کرنے کیلئے ان کی ٹانگوں پر گولیاں ماری جائیں۔امریکہ کی جنوبی سرحد کو پیدل پار کر کے آنے والے پناہ گزینوں اور اس سرحد پر دیوار بنانے کا معاملہ صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم سے لیکر اب تک ان کے ایجنڈے کا اہم حصہ رہا ہے۔کتاب میں کہا گیا ہیکہ صدر ٹرمپ نے جنوبی سرحد سے آنے والے پناہ گزینوں کو روکنے کیلئے انتہائی شدید اقدامات تجویز کیے جن میں برقی دیوار، نکیلی دیوار اور ایک ایسی نہر جس میں سانپ یا مگرمچھ چھوڑے گئے ہوں، شامل تھے۔تاہم صدر ٹرمپ نے ان دعوؤں کو جھوٹا قرار دیا ہے اور ان کا کہنا ہیکہ وہ سرحدی سیکیورٹی کے بارے میں سخت موقف رکھتے ہیں مگر اتنا سخت بھی نہیں۔امریکہ اور میکسیکو کی سرحد پر دیوار بنانا صدر ٹرمپ کا ایک مرکزی پالیسی ہدف رہا ہے۔اس دیوار کی تعمیر اب شروع ہو گئی ہے اور اس کیلئے امریکی محکمہ دفاع پنٹاگان نے 3.6 ارب ڈالرس کی خطیر رقم دی ہے۔