صدر بی جے پی اقلیتی مورچہ کی چیف منسٹر یوپی کو تائید

   

تھرواننتاپورم۔ 8 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر اُترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ کے انڈین یونین مسلم لیگ کے خلاف ’’وائرس تبصرے‘‘ سے اتفاق کرتے ہوئے صدر بی جے پی اقلیتی مورچہ عبدالرفیق انصاری نے آج کہا کہ جو باتیں قوم کے لئے اچھی نہیں ہوتیں اُنھیں وائرس کہا جاتا ہے ۔ آدتیہ ناتھ نے اپنے ٹوئٹر پر تحریر کیا تھا کہ آئی یو ایم ایل ایک وائرس ہے اور کانگریس اس سے متاثر ہے ۔ انھوں نے کہا تھا کہ مسلم لیگ ایک وائرس ہے اور اگر کوئی اس سے متاثر ہوجائے تو وہ باقی نہیں رہتا اور آج کی اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس بھی اسی سے متاثر ہے ۔ آدتیہ ناتھ نے اپنے ٹوئٹر پر تحریر کیا تھا کہ ذرا سونچیئے اگر وہ لوگ کامیاب ہوجائیں تو یہ وائرس پوری قوم میں پھیل جائے گا ۔ آدتیہ ناتھ نے 1857ء کی جنگ آزادی کا بھی حوالہ دیتے ہوئے اس کے ہیرو منگل پانڈے کو قرار دیا تھا ۔ انھوں نے تحریر کیا کہ 1857ء میں پورا ملک انگریزوں کے خلاف تھا لیکن منگل پانڈے جو اس کے خلاف لڑ رہے تھے ، مسلم لیگ کا وائرس پیدا ہوا اور اتنی تیزی سے پھیلا کہ ملک تقسیم ہوگیا ۔ انھوں نے کہا کہ یہی خطرہ دوبارہ ملک پر منڈلا رہا ہے ۔ ہرے جھنڈے پھر سے لہرائے جارہے ہیں ، کانگریس مسلم لیگ وائرس سے متاثر ہے چنانچہ اُس سے خبردار رہنا چاہئے ۔ صدر بی جے پی اقلیتی شعبہ انصاری تھرواننتا پورم میں بھگوا پارٹی کی انتخابی مہم چلانے کیلئے آئے ہوئے ہیں ۔ انھوں نے یوگی آدتیہ ناتھ کے ٹوئٹر پر تبصرے سے اتفاق کرتے ہوئے اسے درست قرار دیا ۔