صدر جمہوریہ اور گورنر کے عہدے جمہوریت کیلئے نقصاندہ : ڈاکٹر نارائنا

   


غیر بی جے پی حکومتوں کو غیر مستحکم کرنے کی سازش، ڈاکٹر سوندرا راجن نے لکشمن ریکھا کی خلاف ورزی کی
حیدرآباد ۔10 ۔ نومبر (سیاست نیوز) وزیراعظم نریندر مودی کے 11 نومبر کو وشاکھاپٹنم اور 12 نومبر کو راماگنڈم کے دورہ کے موقع پر مقامی عوام کی جانب سے بند منانے اور سیاہ پرچم لہرانے کی سی پی آئی نے اپیل کی ہے۔ پارٹی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم جدید قانون 2014 ء میں تلگو ریاستوں کے ساتھ جو وعدے کئے گئے تھے ، ان کی تکمیل میں مودی حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ وعدوں کی تکمیل کے بغیر تلگو ریاستوں کے دورہ پر آنے والے وزیراعظم کے خلاف اب مقامی عوام کو احتجاج کرنا چاہئے ۔ وزیراعظم کے دورہ کے بائیکاٹ کی اپیل کرتے ہوئے ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ وشاکھاپٹنم اور راما گنڈم میں سیاہ پرچم لہراتے ہوئے عوام اپنی ناراضگی کا ثبوت دیں۔ انہوں نے بتایا کہ راما گنڈم میںکئی تنظیموں نے وزیراعظم کے دورہ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے ۔ سی پی آئی ، سی پی ایم اور دیگر پارٹیوں کی جانب سے مخالف مظاہرے کئے جائیں گے ۔ ملک میں صدر جمہوریہ اور گورنر کے عہدوں کو جمہوریت کیلئے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ ان کی پارٹی ابتداء ہی سے دونوں عہدوں کے خلاف ہے۔ برطانوی سامراج نے گورنرس کو اپنے ایجنٹس کے طور پر مقرر کیا تھا اور آزادی کے بعد کانگریس نے یہ تسلسلہ جاری رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کیرالا ، ٹاملناڈو ، مغربی بنگال اور تلنگانہ میں گورنرس کے ذریعہ ریاستی حکومتوں کو غیر مستحکم کرنے کا منصوبہ ہے ۔ ان ریاستوں کے گورنرس مقامی حکومتوں کے مفادات کے خلاف کام کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر نارائنا نے گورنر کے عہدہ کی برخواستگی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ بی جے پی کے مقرر کردہ گورنرس سیاسی قائدین کی طرح کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر بی جے پی حکومتوں کو انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ، سی بی آئی اور گورنر کے عہدہ کے ذریعہ حکومتوں کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ ڈاکٹر نارائنا نے غیر دستوری طور پر خدمات انجام دینے پر گورنر تلنگانہ کے خلاف کارروائی کرنے کا صدر جمہوریہ سے مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے فیصلوں پر سوال کرنے کا اختیار گورنر کو حاصل نہیں ہے اور سوندرا راجن نے لکشمن ریکھا کی خلاف ورزی کی ہے۔ ڈاکٹر نارائنا نے ملک بھر میں گورنر کے عہدوں کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ر