گورنر اور ڈپٹی چیف منسٹر نے استقبال کیا، 21 ڈسمبر تک مختلف پروگراموں میں شرکت
حیدرآباد ۔ 17۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو تلنگانہ میں سرمائی قیام کے سلسلہ میں آج حیدرآباد پہنچیں۔ حکیم پیٹ کے ایرفورس اسٹیشن پر صدر جمہوریہ کے خصوصی طیارہ نے لینڈنگ کی ۔ گورنر جشنو دیو ورما ، ڈپٹی چیف چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، ریاستی وزراء ڈی سریدھر بابو ، ڈی انوسویا سیتکا ، چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ ڈائرکٹر جنرل پولیس شیودھر ریڈی اور دیگر عہدیداروں نے صدر جمہوریہ کا استقبال کیا۔ دروپدی مرمو وہاں سے راشٹراپتی نیلام روانہ ہوگئیں۔ شیڈول کے مطابق صدر جمہوریہ 18 ڈسمبر کو راشٹرپتی نیلائم میں آرام کریں گے اور شام میں کلچرل پروگرام کا مشاہدہ کریں گی۔ 19 ڈسمبر کو راموجی فلم سٹی میں خصوصی پروگراموں میں بھی حصہ لیں گی۔ یہ پروگرام تلنگانہ کی تہذیب اور کلچر کے فروغ اور تلگو فلم انڈسٹری کی جانب سے مخصوص مدعوئین کیلئے منعقد کئے جارہے ہیں۔ 20 ڈسمبر کو صدر جمہور یہ گچی باؤلی کے برہما کماری انسٹی ٹیوٹ میں روحانی پروگرام میں شرکت کریں گی ۔ وہاں ان کا خطاب بھی ہوگا۔ صدر جمہوریہ 21 ڈسمبر کو راشٹرپتی نیلائم میں ممتاز شہریوں کے لئے ایٹ ہوم کا اہتمام کریں گی جہاں عوامی نمائندوں اور عہدیداروں سے ملاقات ہوگی۔ صدر جمہوریہ 22 ڈسمبر کو دن میں راشٹرپتی نیلائم میں آرام کریں گی اور شام میں نئی دہلی واپس ہوں گی۔1
