سونے کے مجسمہ کی نقاب کشائی، گورنر و چیف منسٹر نے استقبال کیا
حیدرآباد۔/13 فروری، ( سیاست نیوز) صدر جمہوریہ رامناتھ کووند نے مچنتل میں رامانجا چاری کے 120 کیلو کے سونے کے مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی۔ یہ مجسمہ چنا جیر سوامی آشرم کے حدود میں مجسمہ مساوات کے علاوہ نصب کیا گیا ہے۔ صدر جمہوریہ نے مجسمہ مساوات کا معائنہ کیا اور وہاں رسم رونمائی تقریب سے خطاب کیا۔ قبل ازیں بیگم پیٹ ایر پورٹ پہنچنے پر ریاستی گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن، چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ، وزیر افزائش مویشیاں سرینواس یادو، چیف سکریٹری سومیش کمار، ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی، میئر وجے لکشمی اور پولیس اور فوج کے اعلیٰ عہدیداروں نے صدر جمہوریہ کا استقبال کیا۔ صدر جمہوریہ ہیلی کاپٹر کے ذریعہ مچنتل روانہ ہوئے جہاں انہوں نے مختلف تقریبات میں حصہ لیا۔ بعد میں رامناتھ کووند مختصر توقف کیلئے راج بھون پہنچے جہاں گورنر نے ان کا استقبال کیا۔ تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ مچنتل میں مجسمہ مساوات ملک میں ایک اہم روحانی مرکز میں تبدیل ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رامانجا چاری کی صدی تقاریب میں شرکت پر انہیں مسرت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجسمہ کی نقاب کشائی کا مجھے موقع دیا گیا جس کے لئے وہ چنا جیر سوامی سے اظہار تشکر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رامانجا چاری کے مساوات کے پیام کو عام زندگی میں اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ ہندوستان کے مختلف علاقوں میں ان کے پیام کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ روحانیت سے عوام کو جوڑتے ہوئے زندگیوں میں خوشحالی پیدا کی جاسکتی ہے۔ اس موقع پر چنا جیر سوامی نے رامانجا چاری کی تعلیمات کو عام کرنے کی سرگرمیوں سے واقف کرایا۔ انہوں نے صدر جمہوریہ کو آشرم میں تعمیر کی گئی مندروں کا معائنہ کرایا۔ر