صدر جمہوریہ کا حیدرآباد پہنچنے پر گورنر اور چیف منسٹر نے استقبال کیا

,

   


بیگم پیٹ ایرپورٹ پر معز زین کی شرکت، آج طلبہ سے خطاب اور پولیس اکیڈیمی کا دورہ

حیدرآباد ۔26 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو جنوبی ہند میں پانچ روزہ قیام کے تحت آج شام حیدرآباد پہنچیں ۔ بیگم پیٹ ایرپورٹ پر گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن ، چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے صدر جمہوریہ کا استقبال کیا۔ صدر جمہوریہ کے عہدہ پر فائز ہونے کے بعد دروپدی مرمو کا یہ پہلا دورہ تلنگانہ ہے۔ چیف منسٹر نے پہلی مرتبہ تلنگانہ پہنچنے پر صدر جمہوریہ کا والہانہ استقبال کیا۔ اس موقع پر ریاستی وزراء ، ارکان پارلیمنٹ ، ارکان کونسل ، ارکان اسمبلی ، عوامی نمائندوں اور اعلیٰ عہدیداروں کا چیف منسٹر نے صدر جمہوریہ سے تعارف کرایا۔ صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی ، اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی ، ریاستی وزراء کے ٹی راما راؤ ، ہریش راؤ ، محمد محمود علی ، ٹی سرینواس یادو ، وی پرشانت ریڈی ، سبیتا اندرا ریڈی ، جگدیش ریڈی ، ایس نرنجن ریڈی‘ اندرا کرن ریڈی ، وی سرینواس گوڑ ، کے ایشور ، ملا ریڈی ، دیاکر راؤ ، ستیہ وتی راتھوڑ ، جی کملاکر ، پی اجئے کمار ، ٹی آر ایس پارلیمانی پارٹی کے قائدین ڈاکٹر کے کیشو راؤ ، ناما ناگیشور راؤ ، میئر حیدرآباد جی وجیہ لکشمی ، چیف سکریٹری سومیش کمار ، ڈی جی پی مہیندر ریڈی ، ارکان پارلیمنٹ ، اعلیٰ عہدیداروں نے صدر جمہوریہ کا استقبال کیا ۔ بیگم پیٹ ایرپورٹ پر صدر جمہوریہ کے استقبال کیلئے وسیع تر انتظامات کئے گئے تھے۔ ایرپورٹ سے صدر جمہوریہ راشٹرپتی نیلائم روانہ ہوئیں جہاں شام میں انہوں نے ایٹ ہوم کا اہتمام کیا۔ قبل ازیں صبح میں صدر جمہوریہ نئی دہلی سے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچیں جہاں گورنر سوندرا راجن اور وزیر بہبودیٔ خواتین و اطفال ستیہ وتی راتھوڑ نے استقبال کیا۔ وہاں سے صدر جمہوریہ ہیلی کاپٹر کے ذریعہ سری سیلم روانہ ہوئیں جہاں مندر کے ترقیاتی کاموں کا افتتاح انجام دیا۔ مندر کے درشن کے بعد صدر جمہوریہ راشٹرپتی نیلائم میں قیام کیلئے بیگم ایرپورٹ پہنچیں۔ منگل کے دن صدر جمہوریہ کیشو میموریل ایجوکیشن سوسائٹی کے طلبہ اورفیکلٹی ممبرس سے خطاب کریں گی۔ وہ سردار ولبھ بھائی پٹیل نیشنل پولیس اکیڈیمی میں انڈین پولیس سرویس کے ٹریننگ عہدیداروں سے خطاب کریں گی۔ وہ مدھانی میں وائیڈ پلیٹ مل کا افتتاح انجام دیں گی۔ چہارشنبہ کے دن صدر جمہوریہ بھدرا چلم مندر کا دورہ کریں گی اور ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھیں گی۔ وہ ملگ ضلع میں سمکا سارالماں جاترا کا افتتاح کریں گی۔ صدر جمہوریہ مرمو 30 ڈسمبر تک مختلف پروگراموں میں حصہ لیں گی جس میں ورنگل کی رامپا مندر کا دورہ بھی شامل ہے۔ جمعہ کے دن معززین کیلئے راشٹرپتی نیلائم میں لنچ کے اہتمام کے بعد صدر جمہوریہ نئی دہلی واپس ہوں گی۔ر