صدر جمہوریہ کی انگولا اور بوٹسوانا کے 6 روزہ دورہ سے واپسی

   

نئی دہلی۔ 14 نومبر (یواین آئی) صدر دروپدی مرمو انگولا اور بوٹسوانا کے 6 روزہ دورے کے بعد جمعہ کو دہلی واپس لوٹیں۔ مرمو 8 نومبر سے انگولا اور بوٹسوانا کے 6 روزہ دورے پر تھیں۔ کسی ہندوستانی صدر کا ان دو افریقی ممالک کا یہ پہلا سرکاری دورہ تھا۔ انہوں نے انگولا میں چار دن گزارے اور پھر منگل کو بوٹسوانا پہنچیں تھیں۔ راشٹرپتی بھون نے جمعہ کو مرمو کی واپسی کا اعلان کیا۔ اپنے دورے کے دوران مرمو نے توانائی، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں دونوں افریقی ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے ہندوستان کے مضبوط عزم پر زور دیا۔ انگولا کے اپنے دورے کے دوران انہوں نے صدر جاؤ مانیول گونکالوو لورینکو کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کی۔ مرمو نے کہا کہ انگولا ہندوستان کی توانائی کی حفاظت میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔ انگولا کے بعد صدر منگل کو بوٹسوانا پہنچیں اور صدر ڈوما بوکو کے ساتھ کئی اہم امور پر بات چیت کی۔ جمعرات کو اپنے سرکاری دورے کے آخری دن انہوں نے بوٹسوانا کے نائب صدر نبادا نکوسیناتھی گایولتھے اور وزیر خارجہ کے ساتھ اہم ملاقاتیں کیں۔