صدر دروپدی مرمو کا منی پور دورہ

   

امپھال۔ 9 ڈسمبر (یو این آئی) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے 11 اور 12 دسمبر کے دو روزہ منی پور دورے کے پیش نظر امپھال میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور استقبال کی تیاریاں جاری ہیں۔ سرکار کی جانب سے اگرچہ ابھی تک کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے لیکن کانگلا کے قریب ایک استقبالیہ گیٹ بنایا گیا ہے اور پورے امپھال میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے ۔ کئی انتہا پسند گروپوں نے صدر کے دورے کے خلاف بائیکاٹ اور ریاست گیر بند کی اپیل کی ہے ۔ حکام کو صدر کے دو روزہ دورے کے دوران ممکنہ احتجاجی مظاہروں کا اندیشہ ہے ، اس لئے مرکزی شاہراہوں پر عام گاڑیوں کی آمد و رفت پر پابندی لگائے جانے کا امکان ہے ۔ شریمتی مرمو کے مجوزہ پروگرام کے مطابق 11 دسمبر کو وہ امپھال کے تاریخی پولو گراؤنڈ میں پولو کے ایک پروگرام میں شرکت کریں گی۔ اس پروگرام کا مقصد اس کھیل کے ساتھ منی پور کے گہرے تعلق کو اجاگر کرنا ہے جس کا آغاز اسی ریاست سے ہوا تھا۔