صدر روس کی یوم جمہوریہ ہند پر مرمو اور مودی کو مبارکباد

   

نئی دہلی : روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے آج ہندوستان کی اپنی ہم منصب دروپدی مرمو اور وزیراعظم نریندر مودی کو ہندوستان کے 74 ویں یوم جمہوریہ پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں ہندوستان کی کامیابیوں کی ستائش کی۔ روسی صدر کے دفتر سے جاری پیام میں ولادیمیر پوٹن نے کہا کہ عالمی سطح پر امن اور سیکوریٹی کو یقینی بنانے میں ہندوستان نے نمایاں رول ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت، سائنس اور ٹیکنالوجی کے علاوہ دیگر شعبہ جات میں ہندوستان کی کامیابی نمایاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور روس کے درمیان اسٹراٹیجک شراکت داری مستحکم ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک مل جل کر کام کرتے ہوئے مختلف شعبہ جات میں باہمی ترقی و تعاون کو یقینی بناسکیں۔