صدر مہیلا کانگریس سنیتا راؤ کو آل انڈیا مہیلا کانگریس کی وجہ نمائی نوٹس، پارٹی ڈسپلن شکنی پر اندرون 7 یوم جواب طلب

   

حیدرآباد ۔ 21۔ مئی (سیاست نیوز) آل انڈیا مہیلا کانگریس نے تلنگانہ کی مہیلا کانگریس صدر سنیتا راؤ کو وجہ نمائی نوٹس جاری کی ہے۔ گزشتہ دنوں سنیتا راؤ کی قیادت میں مہیلا کانگریس قائدین نے گاندھی بھون میں دھرنا منظم کیا تھا ۔ پارٹی اور سرکاری عہدوں میں مہیلا قائدین کو نظر انداز کرنے کی شکایت کے ساتھ یہ دھرنا منظم کیا گیا ۔ سنیتا راؤ نے صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کو راست طور پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ ڈسپلن شکنی کی شکایت پر آل انڈیا مہیلا کانگریس کی صدر الکا لامبا نے وجہ نمائی نوٹس جاری کی اور اندرون 7 یوم تحریری وضاحت داخل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ تحریری وضاحت داخل نہ کرنے کی صورت میں تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ نوٹس میں 14 مئی کو صدر پردیش کانگریس کے خلاف گاندھی بھون میں دھرنے کا حوالہ دیا گیا اور اسے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کہا گیا۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ہر پارٹی قائد کو ڈسپلن کی پابندی کرنی چاہئے اور وہ اپنے مسائل مناسب وقت پر قیادت کو پیش کرسکتے ہیں۔ دھرنے کی صورت میں پارٹی کا وقار مجروح ہوا ہے ۔ واضح رہے کہ سنیتا راؤ نے نامزد عہدوں پر مہیلا قائدین کو نظر انداز کرنے کیلئے مہیش کمار گوڑ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ پردیش کانگریس کمیٹی کی شکایت پر سنیتا راؤ کو نوٹس جاری کی گئی۔1