صدر نشین وقف بورڈ الحاج محمد سلیم کی والدہ محترمہ کا انتقال

   

حیدرآباد۔/15 ستمبر، ( سیاست نیوز) الحاج محمد سلیم صدر نشین تلنگانہ وقف بورڈ کی والدہ محترمہ شریفہ بی اہلیہ حاجی محمد اسمعیل صاحب مرحوم ( بزنس مین ) کا طویل علالت کے بعد آج شام انتقال ہوگیا۔ نماز جنازہ بعد نماز عشاء رات 9:30 بجے مسجد حاجی محمد اسمعیل اڈیکمیٹ نلہ کنٹہ میں ادا کی گئی اور تدفین متصل قبرستان میں عمل میں آئی۔ فاتحہ سیوم منگل 17 ستمبر بعد نماز عصر مسجد حاجی محمد اسمعیل اڈیکمیٹ میں مقرر ہے۔ مرحومہ کے پسماندگان میں 3 فرزندان اور 3 دختران شامل ہیں۔ انتقال کی اطلاع ملتے ہی سماج کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیتوں نے الحاج محمد سلیم کی قیامگاہ پہنچ کر اور فون پر اظہار تعزیت کیا۔ ایڈیٹر ’سیاست ‘ جناب زاہد علی خاں ، نیوز ایڈیٹر جناب عامر علی خاں،مولانا مفتی عظیم الدین، صدر مفتی جامعہ نظامیہ نے نماز جنازہ کی امامت کی۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی ، سابق وزیر محمد علی شبیر، مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ، مولانا سید اکبر نظام الدین حسینی صابری، حکومت کے مشیر اے کے خان، رکن اسمبلی ایم گوپال، رکن اسمبلی ممتاز احمد خاں، مولانا محمد رضوان قریشی خطیب مکہ مسجد، مولانا حسان فاروقی، صدرنشین اقلیتی کمیشن محمد قمرالدین ، صدرنشین حج کمیٹی مسیح اللہ خاں، صدرنشین اردو اکیڈیمی رحیم الدین انصاری، صدرنشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن سید اکبر حسین اور دوسروں نے الحاج محمد سلیم کی قیامگاہ پہنچ کر پرسہ دیا۔ الحاج محمد سلیم سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے پسماندگان کو صبر جمیل کی تلقین کی اور مرحومہ کی مغفرت کیلئے دعا کی۔کئی ریاستی وزراء، ارکان اسمبلی، ارکان کونسل، ٹی آر ایس کے سینئر قائدین، علماء و مشائخین، اعلیٰ عہدیداران اور وقف بورڈ کے ارکان نے الحاج محمد سلیم اور دیگر پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا۔