صدر کانگریس ملکارجن کھرگے کا 18 اگسٹ کو دورہ تلنگانہ انتخابی تیاریوں پر قائدین کے ساتھ اجلاس

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔/8 اگسٹ، ( سیاست نیوز) صدر کانگریس ملکارجن کھرگے 18 اگسٹ کو تلنگانہ کا دورہ کریں گے۔ عنقریب اسمبلی انتخابات والی ریاستوں میں صدر کانگریس کے دورہ کا منصوبہ ہے تاکہ پارٹی قائدین اور کارکنوں کو متحرک کیا جائے۔ پارلیمنٹ مانسون سیشن کے اختتام کے بعد ملکارجن کھرگے تلنگانہ اور دیگر ریاستوں کا دورہ کریں گے۔ مقامی قائدین سے مشاورت کا عمل ہائی کمان نے مکمل کرلیا ۔ چھتیس گڑھ، راجستھان، مدھیہ پردیش اور تلنگانہ کے قائدین کے ساتھ نئی دہلی میں اجلاس منعقد کرکے انتخابی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ انتخابی منشور کی تیاری، عوام سے کئے جانے والے وعدوں اور مہم کے طریقہ کار کو قطعیت دی جارہی ہے۔ راہول گاندھی اور ملکارجن کھرگے نے ریاستوں کے قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے انتخابی تیاریوں پر رہنمایانہ خطوط جاری کئے۔ بتایا جاتا ہے کہ ملکارجن کھرگے تلنگانہ میں امیدواروں کی پہلی فہرست کی اجرائی پر مقامی قائدین سے تبادلہ خیال کریں گے۔