نئی دہلی، 15 ستمبر (یو این آئی) پاکستان کی دہشت گرد تنظیم جیشِ محمد کے سرغنہ مسعود اظہر پر 70 لاکھ پاکستانی روپے کے انعام کے اعلان کو دکھاوٹی قرار دیتے ہوئے ہندوستان نے کہا ہے کہ صرف انعام کا اعلان نہیں بلکہ حکومتِ پاکستان کو ٹھوس کارروائی کرتے ہوئے مسعود اظہر کو گرفتار کرنا چاہیے ۔وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے منگل کوہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران اس سلسلے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ صرف انعام کے اعلان کا کوئی مطلب نہیں ہے پاکستان کو ٹھوس کارروائی کرنی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اس طرح کی دکھاوٹی حرکتیں آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش ہے۔ یہ کوئی نئی بات نہیں ہے ۔ پاکستان اس طرح کی حرکتیں پہلے بھی کرتا رہا ہے ۔ قابلِ ذکر ہے کہ پاکستان کی جانب سے یہ دکھاوٹی کارروائی اکتوبر میں ہونے والے فائنینشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے مکمل اجلاس سے قبل کی گئی ہے ۔ پاکستان کی کوشش ہے کہ ایسا کرنے سے وہ دوبارہ گرے لسٹ میں جانے سے بچ سکتا ہے ۔ پاکستان کی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نیاس سے قبل مسعود اظہر پر 50 لاکھ پاکستانی روپے کا انعام مقرر کیا تھا۔ پانچ سال بعد اب یہ انعامی رقم بڑھا کر 70 لاکھ پاکستانی روپے کر دی گئی ہے ۔