صلاح الدین اسمبلی حلقہ چارمینار سے دوسری مرتبہ امیدوار

   

بی آر ایس کے امیدوار نے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ سے اظہار تشکر کیا
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : صلاح الدین لودھی نے انہیں اسمبلی حلقہ چارمینار سے مسلسل دوسری مرتبہ بی آر ایس کا امیدوار بنانے پر چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کرتے ہوئے عوام سے آشیرواد دینے کی اپیل کی ہے ۔ صلاح الدین لودھی نے کہا کہ انہوں نے 1985 کے دوران تلگو دیشم پارٹی میں شامل ہوتے ہوئے اپنے سیاسی کیرئیر کا آغاز کیا ہے ۔ پتھر گٹی تلگو دیشم پارٹی کے ڈیویژن صدر اور سٹ ون ڈائرکٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے چکے ہیں اور سال 2018 میں ٹی آر ایس میں شامل ہوئے تھے ۔ تلنگانہ تحریک میں ان کے رول کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر نے انہیں 2018 کے اسمبلی انتخابات میں اسمبلی حلقہ چارمینار سے ٹی آر ایس کا امیدوار بنایا تھا ۔ انہوں نے گذشتہ 5 سال کے دوران اسمبلی حلقہ چارمینار میں پارٹی کو مضبوط کرنے کے لیے تمام ڈیویژنس کی جنرل کمیٹیوں کے ساتھ پارٹی کی ذیلی کمیٹیاں بھی تشکیل دے چکے ہیں ۔ حکومت کے فلاحی اسکیمات سے استفادہ کرنے کے لیے عوام میں بڑے پیمانے پر شعور بیدار کیا اور اس معاملے میں بی آر ایس کے کیڈر نے مخلصانہ انداز میں عوام کی رہبری کی ان کی خدمات سے مقامی عوام اور پارٹی قیادت پوری طرح مطمئن ہیں جس کی وجہ سے چیف منسٹر نے انہیں اسمبلی حلقہ چارمینار سے دوبارہ امیدوار بنایا ہے ۔۔ ن