صنعتی شعبہ اور انفراسٹرکچر کی ترقی میں خام لوہے کا اہم رول

   

چین میں سالانہ 1240 ملین ٹن خام لوہے کا استعمال، ہندوستان 290 ملین ٹن کے ساتھ دوسرے نمبر پر
حیدرآباد ۔13 ۔ جولائی (سیاست نیوز) انفراسٹرکچر کے شعبہ کے لئے خام لوہا اہمیت کا حامل ہے۔ دنیا میں انفراسٹرکچر شعبہ کی ترقی میں خام لوہے کے استعمال اور اسٹیل کی پیداوار میں اضافہ کردیا ہے۔ خام لوہا جسے Iron ore بھی کہا جاتا ہے، اس کے استعمال میں چین دنیا میں سرفہرست ہے۔ لوہے کی کچدھات کی صفائی کے ذریعہ لوہے کی مختلف اقسام تیار کی جاتی ہے۔ چین میں صنعتی سرگرمیوں اور انفراسٹرکچر کی ترقی کے نتیجہ میں خام لوہے کے استعمال میں اضافہ ہوا ہے۔ سال 2023 میں چین میں 1.24 بلین ٹن خام لوہے کا استعمال کیا گیا۔ اس معاملہ میں چین دیگر ممالک کے مقابلہ کافی سبقت حاصل کرچکا ہے۔ ہندوستان 290 ملین ٹن خام لوہے کے سالانہ استعمال کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ جاپان ، ساؤتھ کوریا ، روس ، جرمنی ، امریکہ ، ترکی ، برازیل اور اٹلی میں بھی خام لوہے کے استعمال میں اضافہ ضرور ہوا ہے لیکن چین کے مقابلہ مذکورہ ممالک میں خام لوہے کا استعمال برائے نام ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ چین نے صنعتی سرگرمیوں اور انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔ گزشتہ 10 برسوں کے دوران ہندوستان میں میک ان انڈیا نعرہ کے تحت اہم شعبہ جات کے پروڈکشن یونٹس ملک کی مختلف ریاستوں میں قائم کئے جارہے ہیں۔ صنعتی ترقی پر حکومت کی توجہ کے نتیجہ میں خام لوہے کے استعمال میں بتدریج اضافہ ہوا ہے۔ ماہرین کو امید ہے کہ آئندہ پانچ برسوں میں ہندوستان خام لوہے کے استعمال کے معاملہ میں چین سے مسابقت کرے گا۔1/k/b/k