صومالیہ میں فوجی اڈے پر خود کش حملہ، 8افراد ہلاک

   

موغادیشو : صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں فوجی اڈے پر کار بم دھماکے میں کم از کم 8افراد ہلاک اور ایک درجن سے زائد زخمی ہوگئے۔اس دھماکے میں صومالیہ کے نیشنل اسٹیڈیم کو نشانہ بنایا گیا جہاں صومالی نیشنل آرمی کے فوجی موجود تھے۔صومالی نیشنل آرمی کے لیفٹیننٹ محمد عبدالرحمٰن نے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ 27ویں بریگیڈ کیمپ کے قریب بڑا دھماکا ہوا، دھماکا خیز مواد سے بھری ہوئی ایک گاڑی نے داخلی دروازے سے آ کر ٹکرائی جس کے نیتجے میں فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے۔انہوں نے کہا کہ دھماکے میں 7 افراد ہلاک اور 10 سے زائد زخمی ہوئے۔صومالیہ واحد مفت ایمرجنسی ایمبولینس سروس نے اپنے بیان میں کہا کہ دھماکے میں 8افراد ہلاک اور 14 زخمی بھی ہوئے۔عینی شاہدین نے بتایا کہ گاڑی فوجی چوکی کے پاس سے گزر رہی تھی کہ ایک دم سے بڑا دھماکا ہوا جس کے بعد ہر طرف دھویں کے بادل چھا گئے۔موقع پر موجود حلیمہ نے کہا کہ فوجیوں نے دھماکے بعد اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے بعد ہر طرف دھواں چھا گیا، اس کے بعد میں نے ایک تیز رفتار فوجی گاڑی کو خون میں لت پت فوجیوں کو لے جاتے ہوئے دیکھا۔شدت پسند تنظیم الشباب نے حملے کی ذمے داری قبول کر لی ہے۔