صومالیہ کی ہوٹل میں خودکش بم دھماکہ‘ 32 افراد ہلاک

   

موگادیشو :صومالیہ کے دارالحکومت موگادیشو میں لڈو بیچ کے قریب میں ساحل سمندر پر واقع ایک ہوٹل میں خودکش حملہ کیا گیا جس میں 32 افراد ہلاک ہوگئے اورکئی لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ ایک خودکش بمبار اور بندوق بردار نے ہوٹل میں داخل ہو کر زبردست تباہی مچا دی۔ پولیس کے ایک عہدیدار عدن حسن نے بتایا کہ اس خودکش حملہ میں 63 افراد زخمی ہوئے۔حملے کے بعد ہوٹل میں جگہ جگہ نعشیں بکھری پڑی تھیں۔زخمیوں کو ہاسپٹل منتقل کردیا گیا۔ مرنے والوں میں زیادہ تر بیرون سیاح بتائے گئے ہیں ایک دہشت گرد نے دھماکہ خیز مواد نصب کرکے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ دوسری جگہ حملہ کرنے والے نے بندوق سے فائرنگ کی اس دہشت گرد کو حکام نے حراست میں لے لیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق القاعدہ سے وابستہ الشباب نے ایک بیان جاری کر کے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے ۔بتایا گیا ہے کہ الشباب کے عسکریت پسندوں کا اثر صومالیہ کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں زیادہ ہے۔ القاعدہ سے منسلک الشباب گزشتہ 20 سالوں سے خطے میں تباہی مچا رہا ہے۔صومالی حکام کا کہنا ہیکہ حملے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور جوابی کارروائی میں 5 حملہ آوروں کو مار ڈالا جب کہ اس دوران 6 حملہ آوروں نے خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں ساحل سمندر پر موجود مقامی افراد ہلاک ہوئے۔

پولیس ترجمان کے مطابق حملے میں اب تک 32 عام شہریوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ 60 سے زائد زخمی ہیں جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے جس کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔