حیدرآباد۔ /26 مارچ (سیاست نیوز) لاک ڈاؤن کی صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ضروری اشیاء کی بلیک مارکٹنگ میں ملوث تاجرین کیخلاف سٹی پولیس نے بڑے پیمانے پر کارروائی کرنا شروع کردیا ہے اور تازہ کارروائی میں 5 تاجرین کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ ڈی سی پی ٹاسک فورس مسٹر رادھا کشن راؤ نے کہا کہ کرانہ شاپ مالکین اور تاجرین کے بلیک مارکٹنگ میں ملوث ہونے کی اطلاع پر ویسٹ زون ٹاسک فورس ٹیم کو ویسٹ زون علاقہ میں روانہ کیا گیا تھا جس پر کارروائی کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ آصف نگر کے علاقہ میں کاویہ جنرل اسٹورس اویسی پورہ مانصاحب ٹینک میں این ایف ٹریڈرس ‘ نامپلی میں امجد علی اینڈ سنس کرانہ جنرل اسٹورس‘ رحمت نگر یوسف گوڑہ میں محمد عبداللہ اور جئے بھوانی کرانہ اسٹورس ضروری اشیاء کی بلیک مارکٹنگ میں ملوث ہورہے تھے اور ان کے خلاف کارروائی کیلئے ٹاسک فورس عملہ کو گاہک کے بھیس میں بھیجا گیا۔ ٹیم نے ضروری اشیاکی خریدی کے دوران پتہ لگایا کہ مذکورہ کرانہ شاپ مالکین جی سرینواس، سلیم محی الدین، شاہنواز، محمد عبداللہ، شنگ رام کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا۔ اِسی طرح لاک ڈاؤن کے باوجود مکان سے شراب فروخت کرنے والے ایشانت راج سنگھ ساکن منگل ہاٹ کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ یہ تاجرین لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے پائے گئے۔ گرفتار افراد کو ضبط شدہ اشیاء کے ساتھ آصف نگر، ہمایوں نگر، حبیب نگر، جوبلی ہلز اور منگل ہاٹ پولیس اسٹیشن کے حوالہ کردیا گیا۔
