حیدرآباد ۔ /27 مارچ (سیاست نیوز) لاک ڈاؤن کے دوران ضروری اشیاء کی بلیک مارکٹنگ میں ملوث تاجرین اور میڈیکل شاپس کیخلاف کارروائی میں شدت پیدا کردی گئی ہے ۔ ٹاسک فورس نارتھ زون نے سکندرآباد میں تین کرانہ شاپس پر دھاوا کیا اور پروپرائیٹر بی انجیا ، اسکندا کمار اور این شیوا شنکر کو ضروری اشیاء کی بلیک مارکٹنگ پر گرفتار کرلیا گیا جبکہ امر انڈیا سرجیکل کمپنی کے منیجر وویک اگروال کو ہینڈ سینیٹائزرس کو دوگنی قیمت میں فروخت کرنے پر گرفتار کرلیا گیا ۔ ٹاسک فورس نے 82 ہینڈ سینیٹائزرس کی بوتلیں ، 32 کیلو املی ، 22 کیلو تور دال اور مونگ پھلی تیل کے پیاکٹس کو بھی ضبط کرلیا ۔ پولیس نے تاجرین کو انتباہ دیا ہے کہ لاک ڈاؤن کا فائدہ اٹھاکر عوام کو دوگنی قیمت میں اشیاء فروخت کرنے پر بڑے پیمانے پر کارروائی کی جائے گی ۔
