ضلع رنگاریڈی کو 9 ماہ کے دوران 1154 کروڑ کی آمدنی

   

محکمہ ٹرانسپورٹ میں ٹیکس آمدنی کی وصولی میں تین اضلاع کا بہتر مظاہرہ
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : محکمہ ٹرانسپورٹ کو نئے گاڑیوں کے رجسٹریشن ، عارضی اور مستقل لائسنس کی اجرائی میں 9 ماہ کے دوران تین اضلاع رنگاریڈی ، میڑچل اور وقار آباد سے جملہ 2,107 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی ہے ۔ ضلع رنگاریڈی نے 1154 کروڑ روپئے کی آمدنی سے نیا ریکارڈ درج کیا ہے ۔ نئی گاڑیوں کے لائف ٹیکس دیگر ٹیکسیس لائسنس کی اجرائی سے آمدنی توقع کے مطابق حاصل کی گئی ہے ۔ مالیاتی سال 2022-23 کے دوران ضلع رنگاریڈی کے لیے 1207 کروڑ روپئے کی آمدنی کا نشانہ مختص کیا گیا ۔ یکم اپریل 2022 تا 31 دسمبر 2022 تک 9 ماہ کے دوران 95 فیصد آمدنی وصول ہوئی ہے ۔ دونوں تلگو ریاستوں میں ضلع رنگاریڈی آمدنی کے معاملے میں سرفہرست رہا ہے ۔ ضلع رنگاریڈی کے حدود میں دو پہیوں کی گاڑیاں ، کاروں کی تعداد میں زبردست اضافہ ہورہا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی ٹیکس وصولی میں بھی اضافہ ہورہا ہے ۔ مادھا پور ، گچی باولی ، نانک رام گوڑہ ، فینانشیل ڈسٹرکٹ ، اسپیشل سیز ، آئی ٹی کوریڈورس وغیرہ ضلع رنگاریڈی ٹرانسپورٹ کے حدود میں شامل ہیں ۔ اسی ضلع میں لاجسٹک ہبس قائم ہورہے ہیں ۔ جس سے ضلع رنگاریڈی میں گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے ۔ ضلع رنگاریڈی میں 12 ماہ کا نشانہ 1207 کروڑ روپئے مقرر کیا گیا تھا ۔ 9 ماہ 1154 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی ہے ۔ ضلع میڑچل کے لیے 980 کروڑ روپئے کا نشانہ مختص کیا گیا تھا ۔ 895 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی ہے ۔ ضلع وقار آباد کے لیے 68 کروڑ روپئے کا نشانہ مختص کیا گیا تھا ۔ 58 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی ہے ۔ مالیاتی سال کے اختتام کے لیے مزید تین ماہ باقی ہے ۔ اس دوران جو نشانہ مختص کیا گیا ہے اس کو عبور کرلینے کے قوی امکانات ہیں ۔۔ ن