میدک یکم / اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع میدک کے توپران منوہرآباد شاہراہ پر پیش آئے دو ا لگ سڑک حادثات میں دو افراد کی برسر موقع ہلاکت پیش آئی ۔ تفصیلات کے مطابق توپران کے امام پور اٹیج پر کار اور ڈی سی ایم میں تصادم پیش آیا ۔ جس کے نتیجہ میں کار میں موجود مسٹر گنگادھر 45 سالہ ہلاک ہوگئے۔ مسٹر گنگادھر اپنی دختر ارچنا کو مٹ پلی جگتیال سے بیگم پیٹ ڈگری کالج میں داخلہ دلوانے کیلئے اپنی شریک حیات کے ساتھ جارہے تھے ۔ ڈی سی ایم سے حادثہ پیش آیا ۔ ان کی اہلیہ ، دختر اور کار ڈرائیور شدید زخمی ہوگئے اور گنگادھر ہلاک ہوگئے ۔ پولیس توپران مقدمہ درج کرکے ضابطہ کی کارروائی کی ۔ اس طرح منوہرآباد پر ایک دھابے میں برسر خدمت متوطن بہار مسٹر لاکھن وشواس جو سڑک عبور کر رہا تھا اسے بائیک سے ٹکر ہوگئی ۔ جس کے باعث لاکھن 60 سالہ برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ ساتھی دیپیک کی شکایت پر پولیس منوہرآباد نے ضابطہ کی کارروائی انجام دی ۔