آرمور ، بودھن میونسپلٹیز کے انتخابات پر حکم التواء کے بعد بھیمگل بلدی چناؤ کیلئے عہدیدار سرگرم
نظام آباد :30؍ جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )ضلع نظام آباد کے آرمور ، بودھن میونسپلٹی پر حکم التواء منظور کرتے ہوئے ہائی کورٹ کی جانب سے احکامات جاری کئے گئے ۔ آرمور سے تعلق رکھنے والے بی جے پی ، تلگودیشم اور بودھن سے تعلق رکھنے والے کانگریس ، مجلس کے قائدین نے ہائی کورٹ سے رجوع ہوتے ہوئے وارڈس کی زمرہ بندی اور فہرست رائے دہندگان میں موجودہ خامیوں کے بارے میں ہائی کورٹ کو واقف کروایا تھا ۔ ہائی کورٹ نے ان چیزوں کا جائزہ لیتے ہوئے وارڈس کی زمرہ بندی اور فہرست رائے دہندگان کے درست تک انتخابات نہ کرنے کی ہدایت دی جس کے بعد ہائی کورٹ نے حکم التواء جاری کیا ۔ میونسپل ایکٹ 78 رول نمبر 45کی خلاف ورزی کرنے کی شکایت کرتے ہوئے درخواست گذاروں نے عدالت کو واقف کراتے ہوئے وارڈوں کی زمرہ بندی کے خلاف شکایت کی ۔ آرمور میونسپلٹی کے پرکٹ ، کوٹا آرمور ، مامڑی پلی دیہاتوں کو آرمور بلدیہ میں ضم کیا تھا 23 وارڈوں کے بجائے 36 وارڈوں کی تشکیل عمل میں لائی گئی تھی اور رائے دہندگان میں بھی وارڈ سطح پر گنجائش سے زیادہ کرنے پر بھی اعتراضات ظاہر کئے تھے ۔ نظام آباد کارپوریشن کے علاوہ آرمور ، بودھن میونسپلٹیز پر حکم التواء کے بعد نظام آباد ضلع میں بلدی انتخابات مشکل نظر آرہے ہیں ریاست گیر سطح پر بھی میونسپل انتخابات پر حکم التواء حاصل ہونے کے امکانات ظاہر ہورہے ہیں ضلع کے تین بلدیات میں سے 2 بلدیات پر حکم التواء حاصل ہوا ہے بھیمگل بلدیہ کے انتخابات کے انعقاد کیلئے عہدیدار سرگرم ہیں ۔