ضلع ورنگل میں نعشوںکی تبدیلی کا واقعہ

   

حیدرآباد 27مارچ (یواین آئی) ضلع ورنگل کے ایم جی ایم ہاسپٹل میں نعشوں کی تبدیلی کا واقعہ پیش آیا۔اس واقعہ کے بعد ہاسپٹل کے مردہ خانہ کے عملہ نے حقیقی نعشوں کو ان کے رشتہ داروں کے حوالے کردیا۔تفصیلات کے مطابق ہنمکنڈہ ضلع کے وانگارا منڈل مستقرسے تعلق رکھنے والا 53سالہ پرمیشور 22 مارچ کی رات ایلکاتُرتی کراس روڈ پر بائیک پر جارہا تھا کہ اس کی بائیک حادثہ کا شکار ہوگئی، شدید زخمی پرمیشور کو علاج کیلئے ایم جی ایم ہاسپٹل منتقل کیاگیا جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔اسی دوران جنگاوں ضلع کے اسٹیشن گھن پور منڈل کے تھانے دارپلی گاؤں کے رہنے والے 40سالہ رمیش نے 24 مارچ کو خودکشی کی کوشش کی تھی اور اسے بھی ایم جی ایم ہاسپٹل میں اس کے رشتہ داروں نے منتقل کیا تھا جہاں علاج کے دوران اس کی بھی موت ہوگئی۔ دونوں کی نعشوں کا پوسٹ مارٹم ہاسپٹل کے مردہ خانہ میں کیا گیا۔ بعد ازاں مردہ خانہ کے عملہ اور پولیس نے ان کی نعشوں کو دونوں خاندانوں کے حوالے کر دیا۔ان دونوں کے رشتہ دار نعشوں کو اپنے آبائی مقامات لے کر چلے گئے ۔بعد ازاں جب ان نعشوں پر سے کپڑا ہٹا کر دیکھاگیا تو انہیں پتہ چلا کہ یہ نعش ان کے رشتہ دار کی نہیں ہے جس کے فوری بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔پولیس نے ہاسپٹل کے عملہ کو چوکس کیااور نعشیں ہاسپٹل لائی گئیں۔بعد ازاں حقیقی نعشوں کو ان کے رشتہ داروں کے حوالے کردیاگیا۔ اسی دوران ایم جی ایم ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر چندر شیکھر نے کہا کہ اس واقعہ میں لاپرواہی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے ۔